تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے پون کلیان کا غور

جنا سینا پارٹی کے اہم قائدین سے مشاورت جاری، عنقریب فیصلہ

حیدرآباد 9 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجوزہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لینے کا جنا سینا پارٹی نے آغاز کیا ہے جبکہ ریاست آندھراپردیش میں مختلف اضلاع کا دورہ کرکے جلسوں سے مخاطب کرنے میں مصروف صدر جنا سینا پارٹی پون کلیان تلنگانہ میں منعقد ہونے والے انتخابات پر بھی خصوصی توجہ دینے کی اطلاعات ہیں۔ درحقیقت تلنگانہ کے انتخابات میں حصہ لینا یا نہیں، اگر انتخابات میں حصہ لینا ہو تو کتنے حلقہ جات اسمبلی سے انتخابی مقابلہ کیا جائے، اس سلسلہ میں پون کلیان اپنے قریبی رفقاء کے ذریعہ جائزہ لینے کے کام پر لگانے کے اقدامات کی اطلاعات ہیں۔ جنا سینا پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ پون کلیان کے روبرو ریاست تلنگانہ کے انتخابات سے متعلق مختلف سوالات سامنے ہیں اور تلنگانہ کے جنا سینا پارٹی قائدین ریاست میں کم از کم 30 تا 40 حلقہ جات اسمبلی سے پارٹی امیدواروں کو انتخابی مقابلہ کروانے کے لئے پون کلیان پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق جنا سینا پارٹی قائدین کے بڑھتے دباؤ کے پیش نظر پون کلیان نے بالآخر جاریہ ماہ 16 اکٹوبر کو پارٹی قائدین کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس اجلاس میں موجودہ سیاسی حالات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہی ریاست تلنگانہ کے انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے تعلق سے پون کلیان اپنا حقیقی موقف واضح کریں گے۔ اگر انتخابات میں حصہ لینا ہو تو ریاست میں منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے وقت کی کمی کو پیش نظر رکھتے ہوئے امیدواروں کے انتخاب سے متعلق پون کلیان حیدرآباد میں قیام کو یقینی بناتے ہوئے پارٹی قائدین کیس اتھ صلاح مشورہ کرکے پارٹی امیدواروں کو قطعیت دینے کی توقع کی جاسکتی ہے۔ تلنگانہ پارٹی قائدین کا احساس ہے کہ اگر مقابلہ کروانا ہو تو مناسب و ہر لحاظ سے موزوں امیدواروں کو ہی انتخابی مقابلہ کے لئے تیار کیا جانا چاہئے۔ تلنگانہ میں جنا سینا پارٹی انتخابی مقابلہ کرنے یا نہ کرنے کے تعلق سے 16 اکٹوبر کے بعد ہی قطعی موقف واضح ہوسکے گا۔