تلنگانہ اسمبلی انتخابات : بعض حلقوں میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں تکنیکی خرابی

حیدرآباد7دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر آج رائے دہی کے آغاز کے ساتھ ہی بعض حلقوں میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں تکنیکی خرابی دیکھی گئی ۔گچی باولی کے پولنگ اسٹیشن 374میں ای وی ایم میں خرابی پیدا ہونے کی شکایت کی گئی جس کے سبب کچھ دیر کے لئے رائے دہی میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ۔بعد ازاں ووٹنگ مشین کی خرابی کو درست کیا گیا۔یادادری ضلع کے آلیر منڈل کے راگھواپورم میں بھی ای وی ایمس میں خرابی کی اطلاع ملی ہے ۔کاغذنگر میں ایک پولنگ مرکز پر تکنیکی خرابی کے سبب ای وی ایمس میں خرابی کی شکایت ملی ۔اس موقع پر پولنگ اہل کاروں سے رائے دہندوں کی بحث وتکرار ہوگئی۔شہر حیدرآباد کے ضیا گوڑہ کے اندرانگر میں پولنگ مرکز 31,32، خیریت آباد حلقہ کے حمایت نگر میں سینٹ پال اسکول میں بوتھ نمبر27پر ،گچی باولی ہائی اسکول کے پولنگ اسٹیشن میں ای وی ایمس کے کام نہ کرنے کی شکایت ملی ہیں۔ ملکاجگری حلقہ اورپرشانت نگر میں بھی ایسی ہی شکایات موصول ہوئیں۔