حیدرآباد9دسمبر(یواین آئی)تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی منگل 11دسمبر کو ہوگی ۔اس کے پیش نظر ای وی ایمس کو جن اسٹرانگ رومس میں رکھاگیا ہے ، ان کے اطراف کے 100میٹر کے احاطہ میں الیکشن کمیشن نے امتناعی احکام نافذ کردیئے ہیں۔ووٹوں کی گنتی کے لئے تلنگانہ بھرمیں 45مراکز کا قیام عمل میں لایاگیا ہے ۔ووٹوں کی گنتی میں حصہ لینے والے اہل کاروں کو تربیت دی گئی ہے ۔ووٹوں کی گنتی کے عمل کا سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ جائزہ لیاجائے گا۔مراکز میں سل فون لے جانے کی اجازت نہیں رہے گی ۔ ریاست کے تمام 35ہزار 500پولنگ مراکز پر درکار ضروری سیکوریٹی فراہم کی گئی اور حساس علاقوں میں کسی ناخوشگوار واقعات کو روکنے کیلئے اضافی توجہ دی گئی ۔شہر حیدرآباد کے اسٹرانگ رومس میں جہاں ای وی ایمس رکھی گئی ہیں وہاں تین سطحی سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے ۔ ابتدائی پہلے گھنٹے میں پوسٹل بیالٹس کی گنتی ہوگی جس کے بعد ای وی ایمس کو کھولا جائے گا ۔ نظام آباد اور کاماریڈی اضلاع کے ووٹوں کی گنتی ورنگل میں کی جائے گی ۔ ینامانولومارکٹ یارڈ میں اس ضمن میں تیاریاں جاری ہیں۔کریم نگر میں ایس آر آر ڈگری کالج میں ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ ادھر راجنا سرسلہ ضلع میں پاڈیلا پلی گاؤں کے گرلز سوشیل ویلفیر گوروگل اسکول میں ووٹوں کی گنتی کا عمل کیا جائے گا ۔سوریہ پیٹ ضلع میں نیومارکٹ یارڈ میں ای وی ایمس کو رکھاگیا ہے جبکہ یادادریضلع میں بسوا پور روڈ پر واقع ایک گودام میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں رکھی گئی ہیں ۔ ضلع کلکٹر رونالڈ راس اور ضلع ایس پی راجیشوری نے کالج کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا ۔