ٹی کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس ، قرار دادوں کی منظوری ، کے وینکٹ ریڈی کی عدم شرکت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے اسمبلی کے اجلاس میں عوامی مسائل پر آواز اٹھانے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں دو قرار دادیں منظور کی گئیں جب کہ اجلاس میں کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر کے وینکٹ ریڈی نے شرکت نہیں کی ۔ اسمبلی کے کمیٹی ہال میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اے آئی سی سی انچارج سکریٹری مسٹر کٹیا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اجلاس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر ڈی سرینواس کے علاوہ کانگریس کے ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل نے شرکت کی ۔ اجلاس میں علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ایک قرار داد منظور کی گئی ۔ برقی بحران سے تلنگانہ میں کسانوں کے خود کشی واقعات پر ایک تعزیتی قرار داد منظور کی گئی ۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر بٹی ملو وکرامارک نے کہا کہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں تلنگانہ کے تازہ سیاسی صورتحال ، کسانوں کے خود کشی واقعات ، برقی بحران ، کسانوں کے قرضوں کی معافی ، غریب عوام کو مکانات کی فراہمی ، اراضیات کی تقسیم ، راشن کارڈس کی منسوخی کے علاوہ دوسرے عوامی مسائل کو کانگریس پارٹی اسمبلی اور کونسل میں موضوع بحث بنائے گی اور انہیں حل کرانے کے لیے اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی ۔ کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر حکومت سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ جہاں اچھے کاموں کی تائید کرے گی وہیں عوام دشمن پالیسیوں کی کھل کر مخالفت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ٹی آر ایس کی جانب سے عہدے اور دوسری چیزوں کا لالچ دیتے ہوئے کانگریس کے ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل کیا جارہا ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے جو ارکان اسمبلی کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہو کر ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ان کی قیام گاہوں کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔ دو ہفتے قبل چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر کے وینکٹ ریڈی نے آج سی ایل پی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جس سے ان کی ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی افواہوں کو تقویت ملی ہے ۔۔