چیانل کے ویڈیو مشاہدہ کے بعد اسمبلی میں سخت کارروائی کیلئے قرارداد کی منظوری
حیدرآباد۔/14جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں آج متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے مقامی تلگو نیوز چینل کے خلاف سخت کارروائی کی اسپیکر سے اپیل کی گئی۔ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے یہ قرارداد پیش کی جسے ندائی ووٹ سے منظوری دے دی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نیوز چینل TV9 کی جانب سے ایوان کے وقار کو مجروح کرتے ہوئے ایک پروگرام پیش کیا گیا جس کی یہ ایوان سختی سے مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں چینل کی جانب سے اس پروگرام کی پیشکشی کی بھی مذمت کی گئی اور اسپیکر اسمبلی سے اپیل کی گئی کہ وہ اس چینل کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ نیوز چینل پر ایک پروگرام میں مبینہ طور پر تلنگانہ ارکان اسمبلی کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس پیش کئے گئے۔ اس چینل کے خلاف کئی ارکان اسمبلی نے حکومت سے نمائندگی کی اور کانگریس کے ٹی جیون ریڈی نے کل ایوان میں یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔ چیف منسٹر نے کل بھی اس چینل کے خلاف سخت کارروائی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا آندھرائی چینلوں کی من مانی کو تلنگانہ میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے آج تمام اپوزیشن قائدین کو چینل کے اس پروگرام کی ویڈیو دکھائی گئی جس کے بعد چینل کے خلاف قرارداد کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی دوران چیف منسٹر نے ایوان میں اعلان کیا کہ ان کی حکومت نے لیجسلیچر سکریٹری کے عہدہ کو چیف سکریٹری کے مماثل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیجسلیچر سکریٹری تمام ارکان کے سوالات اور دیگر اُمور کے سلسلہ میں سرکاری محکمہ جات سے جوابات طلب کرتے ہیں لہذا حکومت نے ان کے رتبہ میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔