حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( ٹی ایس آر ٹی سی ) ملازمین کے لیے ’’ خصوصی تلنگانہ انکریمنٹ ‘‘ کا اعلان کیا ۔ آج پیپلز پلازا پر آر ٹی سی میں 80 نئی ولوو بسوں کی شمولیت کے بعد خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کو سرکاری ملازمین کی طرز پر خصوصی انکریمنٹ دیا جائے گا ۔ اس فیصلہ سے سرکاری خزانہ پر 18.20 کروڑ روپئے کا اضافی بوجھ عائد ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی چونکہ خسارہ میں ہے اس لیے یہ رقم ریاستی حکومت ادا کرے گی ۔ اس فیصلہ سے تمام 57,200 آر ٹی سی ملازمین کو فائدہ ہوگا ۔ چیف منسٹر نے آر ٹی سی خدمات کی ستائش کی جو 10,300 بسوں کے ذریعہ ریاست بھر میں تقریبا 90 لاکھ افراد کو سفری سہولیات فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے کارپوریشن کو مستحکم بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات اور اسے منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی عنقریب اپنی خدمات کو وسعت دے گی اور حکومت دیہی ذرائع حمل و نقل کو بہتر بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے شہروں میں سڑکوں پر ٹریفک کو کم کرنے کے لیے عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم کے استعمال میں اضافہ پر زور دیا ۔ چیف منسٹر نے خاتون ملازمین کو علحدہ لنچ اور ریسٹ رومس کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ۔ مرکزی وزیرلیبر بنڈارو دتاتریہ نے 530 نئی بسیس متعارف کرنے آر ٹی سی کے منصوبہ کی ستائش کی ۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد ۔ کریم نگر راجیو راہداری کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بحیثیت مرکزی وزیر لیبر آر ٹی سی ملازمین کے ای پی ایف ، انشورنس یا صحت سے متعلق مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا ۔ انہوں نے ریاستی حکومت کے ’’ سنہرا تلنگانہ ‘‘ خواب کو پورا کرنے کے لیے مرکز کی جانب سے مکمل تعاون کا تیقن دیا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے بتایا کہ نئی بسیں متعارف کرنے کے لیے 150 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے مسافرین کو مزید سہولیات کی فراہمی کا تیقن دیا ۔ آر ٹی سی نائب صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر پورنا چندرا نے بتایا کہ آر ٹی سی شہر حیدرآباد میں 3,777 بسیں چلا رہی ہے اور یومیہ 9.73 لاکھ کیلو میٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے تقریبا 35 لاکھ مسافرین کو ان کی منزل پہنچایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی میں آج شامل کی گئی نئی 80 ووالوو بسوں کا نام ’’ میٹرو لکثرری ‘‘ رہے گا ۔ ان بسوں میں انٹلجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے ذریعہ آنے والی منزل کا نام بتانے ، ساونڈ پروف ، جی پی ایس ٹریکنگ کے ذریعہ مسافرین کو اطلاع بہم پہنچانے ، آتشزدگی کا بروقت پتہ چلاتے ہوئے اس پر قابو پانے اور آگ سے بچاؤ کرنے والی باڈی ، الکٹرانک دروازے ، سی سی کیمرے اور سیل فون چارجنگ پوائنٹس کی سہولت موجود ہے ۔ جسمانی معذور افراد کے لیے سیڑھیوں کو تبدیل کیا جاسکتا ہے تاکہ بہ آسانی سوار اور اتر سکیں ۔ یہ بسیں دلسکھ نگر تا لنگم پلی ( روٹ نمبر 218 ) اپل تا ویوراک ( روٹ نمبر 113M/W ) ، کوٹھی تا پٹن چیرو ( روٹ نمبر 222 ) اور ای سی آئی ایل تا ویوراک ( روٹ نمبر 174/10W) پر چلائی جائیں گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔۔