تلنگانہ آر ٹی سی ملازمین کی 16 فیصد عبوری راحت کی آئندہ ماہ ادائیگی

حیدرآباد ۔ /3 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ملازمین کیلئے حکومت کی جانب سے معلنہ 16 فیصد عبوری راحت آئندہ ماہ کی تنخواہ کے ساتھ ادا کی جائیگی ۔ آر ٹی سی ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی مرحلہ وار اساس پر یکسوئی کرنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ مسٹر سنیل شرما پرنسپال سکریٹری ٹرانسپورٹ و انچارج منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ آر ٹی سی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ آر ٹی سی کی آمدنی میں اضافہ کرنے ریاست کے مختلف مقامات پر والی کھلی اراضیات پر ملٹی پلکس ، سنیما تھیٹرس کی تعمیر عمل میں لانے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک گیر سطح پر ٹی ایس آر ٹی سی کو منفرد و مسلمہ موقف حاصل ہے ۔ اسکے باوجود ٹی ایس آر ٹی سی مسافروں کو مزید بہتر سہولتیں فراہم کرکے اپنے مالی وسائل میں اضافہ کرکے مالی موقف کو مستحکم بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔