موسم گرما کے پیش نظر طویل مسافتی سفر کی سہولت
حیدرآباد ۔ 24 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے ریاست میں موسم گرما کا آغاز ہونے کے ساتھ ہی ٹی ایس آر ٹی سی کی طویل مسافتی ایرکنڈیشنڈ بسوں کے علاوہ سٹی ایرکنڈیشنڈ بسوں کی تعداد میں اور ٹرپس کی تعداد میں اضافہ کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے بالخصوص شہر حیدرآباد میں چلائی جانے والی اور دیگر شہروں میں چلائی جانے والی ایرکنڈیشنڈ بسوں کی تعداد اور ٹرپس کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے مسافروں کو ایرکنڈیشنڈ بسوں میں سفر کے لئے راغب کرنے کیلئے منصوبہ جات مرتب کئے جارہے ہیں۔ ٹی ایس آر ٹی سی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد شہر میں فی الوقت 115 ایرکنڈیشنڈ بسیں چلائی جارہی ہیں جبکہ بالخصوص سکندرآباد، دلسکھ نگر، اوپل علاقوں سے 80 فیصد ایرکنڈیشنڈ بسیں مختلف مقامات تک کیلئے چلائی جارہی ہیں۔ اسی دوران گریٹر حیدرآباد سٹی میں بسوں کو باقاعدہ مقررہ وقت کے ساتھ چلاتے ہوئے مسافروں کو اپنے مقامات تک پہنچانے کیلئے وسیع تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ مصروف ترین اوقات یعنی صبح اور شام کے اوقات میں بسوں کی آمدورفت پر گہری نظر رکھتے ہوئے مسافروں کو سفر کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے زائد اسٹاف کو تعینات کیا جارہا ہے۔