تلنگانہ ، آندھرا پردیش عازمین حج کی یکم اگست سے روانگی

16 اگست کو آخری قافلہ ، 12 ستمبر سے واپسی کا آغاز ، 20 اگست کو وقوف عرفات متوقع
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : حج کمیٹی آف انڈیا نے اپنے بیان میں بتایا کہ حج 2018 کے لیے تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کی روانگی کا یکم اگست سے آغاز ہوگا ۔ حیدرآباد سے جدہ کے لیے پہلی حج فلائٹ یکم اگست کو روانہ ہوگی ۔ جب کہ آخری قافلہ 16 اگست کو روانہ ہوگا ۔ اس سال 20 اگست کو وقوف عرفات کی توقع ہے ۔ مناسک حج کی تکمیل کے بعد ریاست تلنگانہ کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل 12 ستمبر سے شروع ہوگا اور آخری فلائیٹ 25 ستمبر کو واپس ہوگی ۔ اس سال تلنگانہ کے لیے 4,066 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے ۔ ریاست میں مسلمانوں کی آبادی 4464852 کے تناسب سے کوٹہ مقرر کیا گیا جب کہ آندھرا پردیش کے 13 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 2744 عازمین کو حج کی سعادت نصیب ہوگی ۔ ہندوستان سے روانہ ہونے والے عازمین حج کے لیے 20 امبارکشن پوائنٹس مقرر کئے گئے ہیں ۔ ہندوستان سے عازمین حج کا پہلا قافلہ 14 جولائی سے شروع ہوگا ۔ دہلی ، گیا ، سرینگر ، گوہاٹی اور لکھنو سے پہلی حج فلائٹ 14 جولائی کو روانہ ہوگی ۔ 16 اگست کو آخری فلائٹس احمد آباد ، کوچن ، حیدرآباد ، جئے پور سے روانہ ہوگی ۔ اسی دوران جدہ سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل اور مدینہ منورہ میں پرنس محمد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر عازمین کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ ان ایرپورٹس پر یکم ذالحجہ سے عازمین کا استقبال کیا جائے گا ۔۔