سعودی ایرلائن میں اظہار مسرت تقریب ، بے مثال انتظامات پر خوشنودی کا اظہار
حیدرآباد۔3۔نومبر (سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے حجاج کرام کے آخری دو قافلوں کی آج واپسی کے ساتھ ہی حیدرآباد سے روانہ ہونے والے حجاج کی واپسی کا عمل مکمل ہوگیا۔ 300 حجاج کرام پر مشتمل آج کا پہلا قافلہ مقررہ وقت سے 45 منٹ قبل شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حجاج کرام کا استقبال کیا اور فریضہ حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ امیگریشن ، کسٹمس اور جی ایم آر کے حکام نے حجاج کے سامان کی عاجلانہ منتقلی کو یقینی بنایا اور تمام سرکاری امور کی جلد یکسوئی کی اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے حج کمیٹی کے ملازمین اور بعض والینٹرس کے ساتھ حجاج کی رہنمائی کی۔ مدینہ منورہ سے پہنچنے والے حجاج کرام نے قیام سعودی عرب کے دوران حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی۔ حجاج کرام کے استقبال کیلئے حج ٹرمینل کے باہر بڑی تعداد میں رشتہ دار اور دوست احباب موجود تھے۔ اس قافلہ میں تلنگانہ ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے حجاج شامل ہیں ۔ حج کمیٹی کا آخری اور 18 واں قافلہ جو 300 حجاج پر مشتمل تھا، آج رات مدینہ منورہ سے سعودی ایرلائینس کی خصوصی پرواز کے ذریعہ وطن واپس ہوا۔ آخری قافلہ کا استقبال بھی اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کیا۔ 18 قافلوں کے ذریعہ تقریباً 6022 حجاج کرام فریضہ حج کی تکمیل کے بعد وطن واپس ہوچکے ہیں۔ 18 حجاج خرابی صحت کے باعث وقت سے پہلے وطن واپس ہوگئے۔ 3 حجاج کرام کا سعودی عرب میں قیام کے دوران انتقال ہو گیا۔ آخری قافلہ کی آمد کے بعد سعودی ایرلائینس کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی ہے جس میں حجاج کی روانگی اور واپسی کی تکمیل پر مسرت کے اظہار میں کیک کاٹا گیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے علاوہ امیگریشن ، کسٹمس ، جی ایم آر ، سی آئی ایس ایف اور دیگر اداروں کے عہدیدار تقریب میں موجود تھے۔ تمام محکمہ جات نے حج سیزن 2014 ء کی کامیاب تکمیل پر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے تمام اداروں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا جنہوں نے روانگی سے لیکر واپسی تک حج کمیٹی سے مکمل تعاون کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاؤز میں حج کیمپ کے دوران جن محکمہ جات نے تعاون کیا، اس کے لئے وہ شکر گزار ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حکومت تلنگانہ سے بھی مکمل تعاون کے حصول پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی نے بہتر انتظامات کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ حجاج کرام نے اگرچہ انتظامات کی ستائش کی تاہم سعودی عرب میں قیام کے دوران خادم الحجاج کی عدم دستیابی کی شکایت کی ۔ حجاج کا کہنا تھا کہ حج کمیٹی کو آئندہ سے خادم الحجاج کی روانگی کے طریقہ کار میں تبدیلی کرنی چاہئے ، تاکہ انہیں جواب دہ بنایا جاسکے۔ ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ منتخب ہونے والے 82 حجاج کرام 4 اور 5 نومبر کو ممبئی واپس ہوں گے۔ ان کی حیدرآباد واپسی کیلئے حج کمیٹی نے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام کیا ہے۔ حج کمیٹی کے ملازمین بسوں کے ساتھ موجود رہیں گے ۔ اس کے علاوہ ڈاکٹرس کی ٹیم بھی ممبئی سے حیدرآباد حجاج کے ساتھ سفر کرے گی۔ اسپیشل آفیسر نے جی ایم آر کے حکام کو حج ٹرمینل میں زائد سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں توجہ دلائی جس پر حکام نے آئندہ حج سیزن کے موقع پر ان امور کی تکمیل کا یقین دلایا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم، اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود آندھراپردیش جناب سید عمر جلیل ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب جلال الدین اکبر اور کمشنر اقلیتی بہبود آندھراپردیش جناب شیخ محمد اقبال کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔ واضح رہے کہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کی روانگی کا 14 ستمبر کو آغاز ہوا تھا اور 28 ستمبر کو آخری قافلہ روانہ ہوا۔ تقریباً 36 دن سعودی عرب میں قیام کے بعد حجاج کرام کی 20 اکتوبر سے واپسی کا آغاز ہوا اور آج آخری قافلہ وطن واپس ہوا۔ اس طرح حج سیزن 2014 ء کے لئے حج کمیٹی کی سرگرمیاں عملاً اختتام کو پہنچیں۔