عوام کو خوف زدہ اور تشویش کی ضرورت نہیں ، وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کا بیان
حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے کہا کہ جی ایس ٹی پر عمل آوری سے تلنگانہ پر 19,200 کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوگا، پھر بھی جی ایس ٹی پر تشویش کی ضرورت نہیں ہے اور نہ ہی ٹریڈرس قیمتوں میں اضافہ کرنے کی جرأت کریں۔ اگر قیمتوں میں اضافہ کیا گیا اور کوئی شک ہو تو عوام سے ٹول فری نمبر پر شکایت کرنے کی اپیل کی۔ ریاستی وزیر فینانس نے کہا کہ یکم جولائی سے عمل میں آنے والے جی ایس ٹی سے عوام کو خوفزدہ ہونے یا تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ چند معاملات میں مرکز کی جانب سے مثبت فیصلے کرنے کے باوجود ریاست کی چند تجاویز کو نظرانداز کردیا گیا ہے جس پر دوبارہ نظرثانی کرنے کی مرکزی حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے مرکز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بیڑی، بافندوں، مشن کاکتیہ، مشن بھاگیرتا کے علاوہ آبپاشی پراجیکٹس کو سرویس ٹیکس سے مستثنیٰ رکھنے کا مطالبہ کیا۔ اس معاملے میں تلنگانہ حکومت مرکز سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ تلنگانہ کی تجاویز پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے مرکز پر ہر طرح کا دباؤ ڈالا جائے گا۔ بیڑی غریب اور عام افراد پیتے ہیں، اس کو بھی سگریٹ کی فہرست میں شامل کردیا گیا۔ گرینٹ پر بوجھ عائد نہ کرنے کی اپیل کی گئی تھی، اس کو بھی فراموش کردیا گیا۔ سنیما پر بھی ٹیکس میں کمی کرنے کی یادداشت پیش کی گئی تھی۔ ریاست کے ترقیاتی اقدامات پر سرویس ٹیکس عائد کرنے سے تلنگانہ پر 19,200 کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوگا۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ ایک حکومت کا دوسری حکومت پر ٹیکس عائد کرنا غیرمناسب ہوگا۔ تین سال قبل تشکیل پانے والی تلنگانہ ریاست ترقی کے معاملے میں تیزی سے فاصلہ طئے کررہی ہے۔ ان حالات میں ریاست سے مکمل تعاون کرنے کے بجائے مرکز کی جانب سے بوجھ عائد کرنا درست نہیں ہے جس سے ریاست کی شرح ترقی گھٹ سکتی ہے۔ مرکزی حکومت ، تلنگانہ کی تجاویز پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے اور ترقیاتی کاموں میں تلنگانہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ انہوں نے جی ایس ٹی کی آڑ میں اشیائے ضروریہ اور دوسری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ٹریڈرس کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ٹریڈرس کو مشورہ دیا کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور شکوک کے دائرے میں توسیع نہ کریں۔ جی ایس ٹی پر عمل آوری سے کوئی مسائل پیدا ہوتے ہیں تو اس کو حکومت سے رجوع کریں۔ شعور بیداری کیلئے کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ اپنی خدمات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ سارے ملک میں سب سے مستحکم کمرشیل ٹیکس ڈپارٹمنٹ تلنگانہ کا ہے۔ انہوں نے عوام کو بھی چوکنا رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر جی ایس ٹی پر عمل آوری سے قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے یا کوئی شبہات ہیں تو وہ فوری ٹول فری نمبر 18004253787 پراس کی شکایت کریں۔ اضلاع میں جی ایس ٹی کے تعلق سے شعور بیداری کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔