حیدرآباد 14 ستمبر ( سیاست نیوز)حج کمیٹی کے توسط سے روانہ ہونے والے عازمین حج کی پہلی پرواز تقریباً چار گھنٹے تاخیر کے ساتھ مکہ مکرمہ کیلئے روانہ ہوئی۔ عازمین حج کا پہلا قافلہ آج تلبیہ کی گونج میں حج ہاوز سے علی الصبح روانہ کیا گیا جو کہ شیڈول کے مطابق 11.30 بجے پرواز کرنا تھا لیکن تکنیکی خرابی کے باعث 350 عازمین پر مشتمل یہ قافلہ 3 بجے کے بعد شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ سے روانہ ہوا ۔ عازمین کی پرواز میں تاخیر کی اطلاع کے ساتھ ہی ڈپٹی چیف منسٹرجناب محمد محمود علی کے علاوہ دیگر ذمہ دار ایر پورٹ پہنچ گئے اور طیارے کی روانگی تک ایر پورٹ پر موجود رہے۔ عازمین حج کو ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے ایر پورٹ پر ناشتہ اور ظہرانہ فراہم کیا گیا تا کہ عازمین کسی قسم کی مشکلات کا شکار نہ ہو۔ سعودی ایر لائنس کے طیارہ سے عازمین کی روانگی میں ہوئی تاخیر کی وجوہات کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ طیارہ میں تکنیکی خرابی کے باعث جدہ سے دوسرے طیارہ کی آمد تک عازمین کو انتظار کروایا گیا۔ ایر پورٹ پر عازمین کو روانہ کرنے کیلئے موجود رہنے والے قائدین میں جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کے علاوہ رکن اسمبلی بودھن محمد شکیل عامر، جناب صنوبر پٹیل صدر نشین مدھیہ پردیش حج کمیٹی و رکن زونل مرکزی حج کمیٹی کے علاوہ اسپیشل آفیسر ریاستی حج کمیٹی جناب پروفیسر ایس اے شکور، سعودی ایر لائنس کے ذمہ داران مسٹر پریم کمار ، جناب افتخار احمد، جناب عبدالواحد ، جناب محمد مشتاق، کسٹمس عہدیدار جناب ساجد غوری ، سی آئی ایس ایف عہدیدار مسٹر انیل دامودھر،مسٹر بھرت کامدار شیخاوت ، ایمیگریشن عہدیدار یشپال سنگھ ، بیمل کمار اور روی کمار موجود تھے۔قبل ازیں عازمین کی حج ہاوز واقع نامپلی سے روانگی کے موقع پر روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ عازمین کے رشتہ داروں نے بدیدہ نم تلبیہ کی گونج میں اللہ کے مہمانوں کو روانہ کیا۔ عازمین حج کی روانگی سے قبل مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے عازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اس اہم ترین عبادت کے دوران خشوع و خضوع کی برقراری پر توجہ دیں۔انہوں نے بتایا کہ حج بیت اللہ کی ادائیگی کیلئے اللہ تعالی اپنے مہمانوں کو منتخب فرماتے ہیں۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے کہا کہ عازمین حج کو چاہئے کہ وہ ایام حج کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت کے موقع پر آداب کو ملحوظ رکھے۔ انہو ںنے بتایا کہ مدینہ منورہ میں آواز کو بلند کرنا بھی بے ادبی ہے اسی لئے عازمین حج اپنے اعمال کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے اس بات کا خصوصی طور پر خیال رکھیں۔ مفکر اسلام نے حج بیت اللہ اور زیارت مدینہ منورہ کے متعلق تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ اس اہم ترین عبادت کے دوران دنیاوی امور سے اجتناب کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاست میں تمام طبقات کے مساوی مسلمانوں کی ترقی کو یقینی بنانے کی عہد کی پابند ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ حیدرآباد سے تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں کے جو عازمین مکہ مکرمہ کیلئے روانہ ہورہے ہیں اُن کی روانگی کے تمام انتظامات کی راست نگرانی خود چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو کررہے ہیں۔ چیف منسٹر وقتاً فوقتاً عازمین کی روانگی سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے سہولتوں کی فراہمی کویقینی بنانے کی ہدایات جاری کرچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے غریب و نادار مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے 51 ہزار روپئے کی امداد کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے سلسلہ میں حکومت نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ جناب محمود علی نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ سفر مقدس کے دوران ریاست میں امن و امان کی برقراری کے علاوہ ریاست کی تیز رفتار ترقی کیلئے دعائیں کریں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی مسلمانوں کی ترقی کے متعلق سنجیدگی پر کوئی شبہ نہیں کیا جانا چاہئے چونکہ حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق ریاست کے بجٹ میں مسلمانوں کیلئے 1000 کروڑ روپئے کی تخصیص کا فیصلہ کیا ہے ساتھ ہی ساتھ حکومت اقلیتی بجٹ میں مکمل طور پر خرچ کرنے کے عمل کو بھی یقینی بنانے کے اقدامات کرے گی۔ جناب محمود علی نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے وقف بورڈ کو متحرک بنانے کے علاوہ بورڈ کے اختیارات میں اضافہ کیلئے اقدامات بھی حکومت کے زیر غور ہیں۔ انہوں نے عازمین کی روانگی کے عمل کو عصری بنانے کے منصوبہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال تک حکومت تلنگانہ کی جانب سے عازم حج کی روانگی کے انتظامات کو عصری بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں حج ہاوز کی موجودہ عمارت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لاتے ہوئے حج ہاوز کی عمارت کو مزید سہولت بخش بنایا جائے گا ۔ اس موقع پر جناب الحاج محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل ،جناب شکیل عامررکن اسمبلی بودھن، جناب محمد جلال الدین اکبر(آئی ایف ایس) اسپیشل آفیسر وقف بورڈ ، جناب پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی، جناب محمد عبدالحمید چیف ایگزیکٹیو آفیسر ریاستی حج کمیٹی ،جناب محمد وحید احمد ایڈوکیٹ ، جناب ارشد علی خان، جناب قمر الدین انجینئر ،جناب صوفی سلطان قادری ،جناب رحیم اللہ خاں نیازی کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔