حیدرآباد 24 جون (این ایس ایس) تلنگانہ کے چیف سکریٹری راجیو شرما نے آج عہدیداروں کو ہدایت کی کہ تقسیم کا عمل مزید تیزی پیدا کرتے ہوئے اندرون ایک ہفتہ مکمل کرلیا جائے۔ چیف سکریٹری نے سکریٹریٹ میں تمام محکمہ جات کے معتمدین اور متعلقہ عہدیداروں کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں اِس بات پر افسوس و برہمی کا اظہار کیاکہ چند عہدیدار زائد وقت دیئے جانے کے باوجود اپنے کام کی تکمیل میں ناکام ہوگئے ہیں۔ راجیو شرما نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارہ جات پر فی الفور تلنگانہ اسٹیٹ گورنمنٹ بورڈس نصب کئے جائیں۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ تمام فائیلس کی جلد یکسوئی کے ساتھ اِس عمل کو مکمل کریں اور ریاست کی تقسیم کا عمل مزید کسی تاخیر کے بغیر اندرون 7 یوم مکمل کیا جائے۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ تمام سہولتوں سے آراستہ چیمبرس فراہم کئے جائیں جس کے ساتھ درکار عملہ اور گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں۔