حیدرآباد۔/28مئی، ( سیاست نیوز) ریاست کی تقسیم کے عمل سے متعلق پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے کل 29 مئی کو ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کا ’’ یوم تاسیس‘‘ ( اپوائنٹیڈ ڈے ) 2جون جیسے جیسے قریب آرہا ہے ریاست کی تقسیم کیلئے جاری کاموں کو مکمل کرلینے کی سخت ہدایات تمام محکمہ جات کو دی جارہی ہیں تاکہ کوئی بھی تقسیم کا عمل زیر التواء نہ رہ سکے۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اس مجوزہ جائزہ اجلاس کی صدارت خود ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن ہی کریں گے۔ اس اجلاس میں مشیران گورنر مسرس صلاح الدین احمد، اے این رائے ریاستی چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی کے علاوہ تمام محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداران بشمول پرنسپال سکریٹریز و صدور محکمہ جات شریک ہوں گے اور اپنے اپنے محکمہ جات میں ریاست کی تقسیم کیلئے کئے گئے اقدامات کی تفصیلات سے ریاستی گورنر کو واقف کروائیں گے۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست کی تقسیم کے عمل کو جس انداز میں انجام دیا جانا چاہیئے تھا، اس انداز میں ابھی بھی پایہ تکمیل کو نہیں پہونچ سکا کیونکہ ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر ہر زاویہ سے دیکھتے ہوئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اگر کوئی بھی فیصلہ یا اقدام غلط ہونے پر اس پر ازسر نو غور کرنے کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ لہذا تاخیر سے سہی بہتر اقدامات کرنے کو تمام اعلیٰ عہدیداران محکمہ جات اپنی اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ایک دو ماہ تک تقسیم کا عمل جاری رہے گا۔ اس طرح ریاست کی تعلیم و بالخصوص ملازمین کی تقسیم کے معاملہ میں بھی سنجیدہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔