تقسیم کی مخالفت کیلئے بی جے پی سے مدد کی درخواست

نئی دہی /14 فروری ( پی ٹی آئی ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی نے آج بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور آندھراپردیش کی تقسیم کی کوششوں کے خلاف ان سے مدد طلب کی ۔ بی جے پی ، اگرچہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے منصوبہ کی حمایت کرتی ہے لیکن جگن موہن ریڈی نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ سے ان کی ملاقات کے بعد وہ توقع کرتے ہیں کہ اپوزیشن جماعتیں اب آندھراپردیش کی تقسیم کی تجویز کی مخالفت کریں گے ۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ’’ ہم راج ناتھ سنگھ اور خود جگن ) نے اس مسئلہ پر انتہائی تفصیلی بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے ہمیں تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ پر اپنے پارٹی رفقاء سے تبادلہ خیال کریں گے اور اس کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔

جگن نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ تمام اپوزینش جماعتیں عقلمندی سے کام لیں گی اور اس ناانصافی کے خلاف تمام جماعتیں اُٹھ کھڑی ہوں گی ۔ واضح رہے کہ لوک سبھا میں گذشتہ روز تلنگانہ بل کی پیشکشی کے موقع پر زبردست ہنگامہ آرائی کے مناظر دیکھے گئے تھے ۔ کانگریس کے ایک برطرف رکن پارلیمنٹ لگڑا پاٹی راجگوپال نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کے درمیان کالی مرچ کا اسپرے استعمال کیا تھا ۔ جس کے نتیجہ میں تین ارکان پارلیمنٹ کو اسپتال میں شریک کیا گیا تھا اور گڑ بڑ پیدا کرنے پر آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے 16 ارکان کو ایوان سے معطل کردیا گیا تھا ۔