متحدہ ریاست کے آخری چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کتاب تحریر کرنے میں مصروف
حیدرآباد 10 ؍ مئی ( سیاست نیوز) متحدہ آندھراپردیش کے آخری چیف منسٹر ثابت ہونے والے کرن کمار ریڈی جو ریاست کی تقسیم کے ساتھ گوشہ گمنامی میں چلے
گئے تھے اب دوبارہ سرخیوں میں آنے کوشاں دکھائی دے رہے ہیں ۔ سمجھا جارہا ہے کہ کرن کمار ریڈی گذشتہ ایک سال سے ایک کتاب تحریر کرنے میں مصروف تھے جس میں وہ ریاست کی تقسیم کے پس پردہ محرکات پر روشنی ڈالنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آندھراپردیش کی تقسیم کے دوران پس پردہ محرکات کیا تھے اور کیا معاہدے ہوئے اور کس نے کیا وعدہ کیا تھا ان تمام چیزوں کو اپنی کتاب کے ذریعہ کرن کمار ریڈی بے نقاب کرنا چاہتے ہیں ۔ بتایا کہ ہے کہ ریاست کی تقسیم کے معاملہ میں صدر کانگریس سونیاگاندھی ‘ نائب صدر راہول گاندھی ‘ صدر تلگودیشم چندرابابونائیڈو و بعض کانگریس قائدین کے دوہرے معیار سے متعلق تفصیلات کرن کمار ریڈی اس کتاب میں پیش کرنے کوشاں ہیں ۔ وہ مذکورہ تمام قائدین کو بے نقاب کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ کرن کمار ریڈی اب تک 400 صفحات اپنی کتاب کیلئے تحریر کرچکے ہیں ۔ کرن کمار ریڈی انتخابات کے بعد امریکہ روانہ ہوگئے تھے ۔ اور سمجھا جاتا ہے کہ اپنے دورہ امریکہ کے موقع پر کتاب کافی حد تک تحریر کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر ریڈی تقسیم کے موقعہ پر پیش آئے حالات سے واقف ہیں اور انہیں عوام میں لانا چاہتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں اور قائدین نے اپنا کس طرح کا رول ادا کیا اس تعلق سے تمام تر دستاویزی ثبوت ان کے پاس موجود ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس وقت کے وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے علاوہ صدرنشین یو پی اے مسز سونیاگاندھی کے علاوہ یو پی اے وزرا کے ساتھ ان کی بات چیت سے متعلق تفصیلات کا بھی مسٹر ریڈی کتاب میں انکشاف کرنے والے ہیں ۔ علاوہ ازیں رپورٹس کا بھی اس کتاب میں شاید تذکرہ کریں گے ۔ کتاب کے نام کو ابھی قطعیت نہیں دی گئی ہے ۔ کرن کمار ریڈی اپنے قریبی رفقا سے اس کتاب پر تبادلہ خیال بھی کر رہے ہیں۔