حیدرآباد 17 مارچ ( این ایس ایس ) مرکزی معتمد داخلہ مسٹر انیل گوسوامی منگل کو حیدرآباد کا دورہ کر نے والے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ امکان ہے کہ مسٹر گوسوامی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون میں ملاقات کرتے ہوئے تقسیم آندھرا پردیش کے عمل کو تیز تر کرنے کے تعلق سے تبادلہ خیال کرینگے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گورنر مسٹر نرسمہن پیر کو دہلی کا دورہ کرنے والے تھے لیکن انہوں نے اپنی ناسازی طبیعت کی وجہ سے یہ دورہ ملتوی کردیا ہے ۔
کہا گیا ہے کہ مسٹر انیل گوسوامی گورنر کے ساتھ ملاقتا کرکے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کرینگے اور تقسیم ریاست کے عمل کو تیز کرنے کے تعلق سے مرکز کے منصوبوں سے انہیوں واقف کرواتے ہوئے ریاستی سطح کے عہدیداروں کی تقسیم کا کام تیز کرنے پر توجہ مرکوز کرینگے ۔ ذرائع کے بموجب مرکزی حکومت تقسیم ریاست کے عمل کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ امکان ہے کہ مرکزی معتمد داخلہ کملاناتھن کمیٹی کے ساتھ ایک اعلی سطح کا جائزہ اجلاس بھی منعقد کرینگے ۔ یہ کمیٹی ریاست میں سرکاری عہدیداروں کے علاوہ اثاثہ جات ‘ واجبات وغیرہ کی دونوں ریاستوں میں تقسیم اور تقسیم سے متعلق دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے ۔ اسے یہ عمل مکمل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔
چونکہ ریاست میں عام انتخابات ہونے والے ہیں ایسے میں مسٹر انیل گوسوامی کے دورہ کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ تقسیم ریاست کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرلیا جائے ۔ چیف سکریٹری مسٹر پی کے موہنتی نے اپنے دورہ دہلی کے موقع پر مرکزی وزارت داخلہ کے عہدیداروں کے علاوہ دوسرے متعلقہ محکموں کے عہدیداروں سے بات چیت کی ہے ۔ واضح رہے کہ تقسیم ریاست کے عمل کی تکمیل کے بعد 2 جون کو تلنگانہ ریاست کے قیام کا اعلان ہوسکتا ہے اور آندھرا پردیش اس دن دو ریاستوں میں تقسیم ہوجائیگی ۔ چونکہ انتخابات تقسیم سے قبل ہو رہے ہیں اس لئے انتخابات کے بعد دو حکومتیں قائم ہونے والی ہیں۔
مرکز کی ہدایت پر ریاستی حکومت اس سلسلہ میں تمام امور کو تکمیل کرنے پر توجہ دے رہی ہے اور اس نے عہدیداروں ‘ فائیلوں ‘ اثاثہ جات ‘ واجبات اور دوسرے امور کی تقسیم کے عمل کو تیز تر کر رہی ہے ۔ ذرائع کے بموجب اس کام میں پرنسپل سکریٹری فینانس مسٹر پی وی رمیش اہم رول ادا کر رہے ہیں جبکہ دوسرے اس کام کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کے دوسرے ارکان اور عہدیداران کے ناموں کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ چیف سکریٹری مسٹر موہنتی ہر ہر محکمہ سے متعلق تفصیلات کا جائزہ لینے میں صروف ہیں تاکہ تقسیم ریاست کے عمل کو پرسکون انداز میں پورا کیا جاسکے ۔