حیدرآباد 19 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر چھوٹی آبپاشی مسٹر ٹی جی وینکٹیش نے مرکزی وزیرمسٹر کے سوریہ پرکاش ریڈی پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ٹکٹ حاصل نہ ہونے پر کانگریس پارٹی آفس میں توڑ پھوڑ کر کے آگ لگانے کا خود کوٹلہ خاندان ہی ریکارڈ رکھتا ہے۔ مسٹر کوٹلہ سوریہ پرکاش ریڈی کی جانب سے ان پر ( ٹی جی وینکٹیش پر) کی گئی شدید تنقید پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر ٹی جی وینکٹیش نے کہا کہ وہ کبھی بھی کانگریس قائدین پر کسی قسم کی تنقید نہیں کی ہے ۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر چھوٹی آبپاشی نے سخت الفاظ میں کہا کہ آئندہ انتخابات میں ڈپازٹ بھی حاصل نہ ہونے کے ڈر و خوف سے ہی وہ (کوٹلہ سوریہ پرکاش ریڈی) ہر کسی پر تنقید کرتے ہوئے شدید تکلیف وہ ریمارکس کررہے ہیں۔ انہوں نے کوٹلہ سوریہ پرکاش ریڈی کو مشورہ دیا کہ جتنی کم بات کریں گے اتنا ان کیلئے ہی بہتر ہوگا یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ ایک طرف وزارتی عہدے پر فائز رہتے ہوئے دوسری طرف کانگریس پارٹی کی مخالف کرتے ہوئے شدید تنقید یں کرنے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے مسٹر کوٹلہ سوریا پرکاش ریڈی مرکزی وزیر نے گذشتہ دن ریاستی وزیر چھوٹی آبپاشی مسٹر ٹی جی وینکٹیش پر شدید ریمارکس کئے تھے ۔
وزیر چھوٹی آبپاشی نے پر زور الفاظ میں کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کرنے وہ ضرور مخالفت کریں گے اور یہاں تک کہ اگر ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے تو کانگریس پارٹی کو چھوڑ دینے سے متعلق اپنے موقف پر آج بھی برقرار ہیں کیونکہ ان کیلئے پارٹی سے کہیں زیادہ سیما آندھرا عوام کے جذبات و احساسات نہ صرف عزیز ہیں بلکہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔ انہوں نے ( ٹی جی وینکٹیش) نے مزید کہا کہ اگر ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم ہوکر علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میںآئی ہے تو نہ صرف سیما آندھرا علاقہ میں بلکہ آندھرا پردیش ریاست میں ہی ہر کوئی کانگرس پارٹی کو چھوڑتے ہوئے خیر باد کردے گا ۔