حیدرآباد /5 فروری (سیاست نیوز) علاقہ رائلسیما کے کانگریس رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر جے سی دیواکر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو اس بات کا پتہ ہے کہ ریاست تقسیم ہو رہی ہے، اس کے باوجود احتجاجی دھرنا منظم کر رہے ہیں۔ تقسیم ریاست کے بعد کانگریس کا صفایا ہو جائے گا۔ انھوں نے دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کا فیصلہ ہوچکا ہے، لہذا اب اس کو روکنا ناممکن ہے اور ریاست کو متحد رکھنے کی اب کوئی امید نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر کا احتجاج بے فیض ہے، اس سے کچھ ہونے والا نہیں ہے، جب کہ ریاست کی تقسیم کا فیصلہ کانگریس ہائی کمان نے یکطرفہ کیا ہے۔ ریاست کے 80 فیصد عوام ریاست کی تقسیم کے خلاف ہیں، پھر بھی کانگریس ہائی کمان سیما۔ آندھرا کے عوامی جذبات کو نظرانداز کرتے ہوئے صرف علاقہ تلنگانہ کو ترجیح دے رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک خراب دور سے گزر رہی ہے، اس نے یکطرفہ اور من مانی فیصلہ کے معاملے میں ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑدیا۔