حیدرآباد ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر چھوٹی آبپاشی مسٹر ٹی جی وینکٹیش نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کی صورت میں وہ کانگریس سے مستعفی ہوجائیں گے۔ 3 فبروری کو دہلی پہنچ کر چیف منسٹر کی قیادت میں صدرجمہوریہ سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کو تقسیم کرنے کی مخالفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی نے تلنگانہ مسودہ بل کو مسترد کردیا ہے جس کے بعد مرکزی حکومت اور کانگریس پارٹی ہائی کمان اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔ 3 فبروری کو سیما آندھرا کی نمائندگی کرنے والے ارکان اسمبلی چلو دہلی کے پروگرام پر روانہ ہوں گے اور چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی قیادت میں صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کو تقسیم کرنے کے طریقہ کار کی مخالفت کی جائے گی
اور اسمبلی کی جانب سے تلنگانہ مسودہ بل کو مسترد کرنے کی منظورہ قرارداد سے واقف کرایا جائے گا۔ متحدہ آندھرا کی تحریک کو ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو سیما آندھرا کے عوام انہیں ہرگز معاف نہیں کریں گے اور تاریخ میں بدنما داغ بن کر رہ جائیں گے۔ مرکزی وزراء پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل پیش کرنے سے روکیں ورنہ عوام انہیں بھی سبق سکھائیں گے۔ مسٹر ٹی جی وینکٹیش نے کہا کہ چیف منسٹر کے بشمول سیما آندھرا کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے ارکان اسمبلی نے تلنگانہ بل کو اسمبلی میں شکست دینے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اب ذمہ داری ارکان پارلیمنٹ پر ہے وہ بھی اس کو بخوبی انجام دے۔