بزم حسین کا اختتامی و مسابقتی اجلاس، مولانا محمد حنیف خان قاسمی کا خطاب
حیدرآباد /7 مئی ( راست ) طلبائے دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس ہلز کالونی کے طلباء کی انجمن بزم حسینؒ کا اختتامی و مسابقتی اجلاس زیر نگرانی الحاج اندور محمد اعجاز صدر انتظامی کمیٹی دارالعلوم ہذا زیر صدارت مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوانگری بانی و مہتمم دارالعلوم ابراہیمیہ مسجد عمر فاروق ؓ اسبسطاس ہلز کالونی بالانگر میں منعقد ہوا ۔ طلباء و طالبات مدرسہ نے سیرت رسول ﷺ عظمت قرآن علم دین کی اہمیت و فضیلت جہیز کی شرعی حیثیت حقوق والدین سود کی حرمت اور اس کے نقصانات کے عنوانات پر تقاریر پیش کی اور غیبت کے عنوان پر دلچسپ مکالمہ پیش کیا اور سامعین سے داد و تحسین حاصل کی ۔ مولانا محمد حنیف خان قاسمی امام و خطیب جامع مسجد محمدی شاہ پور نگر حافظ و قاری مولانا محمد احمد علی جامعی ناظم جامعہ اسلامیہ ضیال القرآن نے حکم کے فرائض انجام دئے ۔ مولانا محمد حنیف خان قاسمی نے کہا کہ تمام تعریفیں اس اللہ کیلئے ہے جس نے ہمیں علم دین کے سیکھنے اور سکھانے کی توفیق عطا فرمائی اور کہا تقریر و تحریر تبلیغ دین کا اہم ذریعہ ہیں ۔ طلباء مدرسہ کی چہار دیواری تک اس کو نہ رکھیں بلکہ اپنے گھر پر بھی مدرسہ کے معمولات کو عملی جامہ پہنائیں ۔ ہمیشہ سچ بولنے کی عادت ڈالیں ۔ حضور ﷺ نے فرمایا سچائی نجات دلاتی ہے اور جھوٹ ہلاک کرتا ہے ۔
پنچوقتہ نماز باجماعت کا اہتمام کریں ۔ اپنے ماں باپ بڑوں اور اساتذہ کا ادب کریں اور ان کی خدمت کریں حافظ و قاری محمد احمد علی جامعی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ نے فرمایا تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے ۔ حافظ محمد تقی الدین حسامی نے نظامت کے فرائض انجام دئے اور علماء کرام کا تعارف کروایا ۔ حافظ محمد رضی الدین خاکی نے کلمات تشکر پیش کئے ۔ اس مسابقہ میں حافظ محمد نعیم الدین اول پوزیشن حاصل کی حافظ محمد شفیق الرحمن نے دوم پوزیشن حاصل کی ۔ حافظ محمد امیر الحق ابراہیمی نے سوم پوزیشن حاصل کی ۔ قاری سید ہاشم جامعی ، مولانا محمد زبیر قاسمی، مولانا مفتی رضوان قاسمی ،محمد مخدوم جناب سید فقیر پاشاہ محمد شاکر بھائی مولانا محمد رفیق مفتی بشیر احمد قاسمی کے ہاتھوں سالانہ امتحانات میں کامیاب ہونے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ حافظ محمد رحیم الدین حسامی مفتی عبدالشکور القاسمی ، محمد سمیع الدین نے سامعین کا استقبال کیا محمد حسین ، محمد فخرالدین ، محمد رفیق نے انتظامات میں حصہ لیا ۔