تقررات کا عمل قدیم طریقہ کار کے تحت ہی انجام دیا جائیگا

صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ڈاکٹرجی چکراپانی کا بیان
حیدرآباد ۔ 14 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے مختلف زمروں کے عہدوں کی جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے اس مرتبہ سابقہ طریقہ کار کی اساس پر ہی ’’ٹسٹ‘‘ منعقد کئے جائیں گے۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن ڈاکٹر جی چکرا پانی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ پروفیسر ہراگوپال کی قیادت میں ممتاز ماہرین تعلیم کی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ اس کمیٹی میں تعلیمی شعبہ کے ماہرین کو شامل کرکے امتحانات کے طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پروفیسر ہرا گوپال کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ سفارشات پر مبنی رپورٹ حکومت کے حوالہ کی گئی اور حکومت نے اس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہی ضروری احکامات جاری کرے گی۔ لہٰذا اس مرتبہ منعقد کئے جانے والے امتحانات (ٹسٹ) سابقہ طریقہ کار کی بنیاد پر ہی رکھے جائیں گے اور یہ فیصلہ بھی پروفیسر ہرا گوپال کمیٹی نے ہی کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری احکامات (جی او کی بنیاد پر ) کی روشنی میں ہی نصاب سے متعلق مکمل سطح پر رپورٹ مرتب کی جائے گی۔ ڈاکٹر جی چکرا پانی نے بتایا کہ بہت جلد تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کا ’’ویب سائیٹ‘‘ ہر ایک کیلئے دستیاب رہے گا اور کمیٹی تجاویز کے مطابق ہی گروپ I میں کوئی تبدیلیاں نہیں کی گئی ہیں۔ ایگزیکیٹیو جائیدادوں پر تقررات کیلئے سابق کی طرح ہی طریقہ کار جاری رہے گا اور گروپ II ملٹی پل چوائس کے مطابق ہی رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لکچررس کیلئے خصوصی رکروٹمنٹ، میاتھس کے مواد میں کسی قدر کمی کرنے طلبہ کی جانب سے مختلف یادداشتیں وصول ہوئی ہیں۔ اس کے پیش نظر نصاب میں تبدیلی کا امکان ہے اور تاریخ تلنگانہ، تہذیب، مالیاتی شعبہ، سماجی حالات اور تلنگانہ جدوجہد سے متعلق امور امتحانی نصاب میں شامل رہنے کا قوی امکان ہے۔ علاوہ ازیں سال 1948ء تا 2014ء تک کے حالات بھی نصاب میں شامل کئے جانے کی توقع ہے۔