تعمیر امکنہ اسکیم کیلئے مرکزی فنڈس میں کٹوتی

پٹنہ ۔ 8 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اندرا آدرس یوجنا (غریبوں کیلئے مکانات کی اسکیم) کیلئے مرکزی فنڈس میں کٹوتی پر بہار اسمبلی میں آج حکمراں اور اپوزیشن کے درمیان بحث و تکرار کے باعث کارروائی مفلوج ہوگئی اور نظم و ضبط بحال کرنے کی کوشش ناکام ہوجانے پر اسپیکر اودے نارائن چودھری نے ایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کردی اور جے ڈی رکن عبدالباری صدیقی کی مختصر نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر دیہی ترقیات شراون کمار نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 2013-14 کے مقابل 2014-15 ء میں اندرا آواس یوجنا کیلئے مختص فنڈس میں 54 فیصد کٹوتی کر رہی ہے جس کے باعث ریاست میں غریبوں کیلئے فراہمی مکانات کا پروگرام متاثر ہوگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز نے 2011 ء کی مردم شماری کی بنیاد پر فنڈس میں کٹوتی کی ہے اور اندرا وآواس یوجنا کیلئے مقررہ پیمانہ کے مطابق منہدمہ اور بوسیدہ مکانات کو شامل نہیں کیا اور صرف مکانات کی قلت کو تسلیم کیا گیا ہے ۔ اس مسئلہ پر جب ریاستی وزیر نے مرکز کو مورد الزام ٹھہرایا تو اپوزیشن لیڈر نند کشور یادو نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ سال 2011 ء میں میعادات کی تبدیلی کے وقت مرکز میں کانگریس کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت تھی اور فنڈس کی کٹوتی بھی اسی وقت کی گئی تھی ۔