تعمیرات کی اجازت کے لیے سنگل ونڈو سسٹم : کے ٹی آر

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( این ایس ایس) : تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے اجازت ناموں کی تیز رفتار فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ریاست بھر میں سنگل ونڈو سسٹم پر عمل آوری کی جائے گی ۔ مسٹر تارک راما راو نے مادھا پور کے ہائی ٹیکس میں جائیدادوں کی کل ہند نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کے حدود میں عمارتوں کی تعمیر کے لیے ایک ہی مقام پر تمام اجازت نامے جاری کئے جائیں گے ۔ اس طریقہ کار کو روبعمل لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کے تارک راما راؤ نے کہا کہ ملک کے دیگر بڑے شہروں کے مقابلے حیدرآباد میں زمین کی قیمت نسبتاً کم ہے اور بنیادی سہولتیں بہت زیادہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت حیدرآباد میں معیار زندگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے ۔۔