حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) ریاست بھر میں غیر مجاز تعمیرات اور غیر مجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے چہارشنبہ کو مکمل ہوجائے گی۔ جبکہ آج تک ایک اندازہ کے مطابق زائداز دو لاکھ درخواستیں وصول ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اور ان درخواستوں کے ذریعہ بطور فیس زائداز 165 کروڑ روپئے حکومت کو حاصل ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے مزید کوئی توسیع دینے سے دلچسپی نہیں رکھی ہے جس کی وجہ سے درخواستوں کی وصولی کی مدت ختم ہونے کے ساتھ ہی دوسرے دن سے غیر مجاز تعمیرات و غیر مجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کے عمل کو شروع کرنے کے لئے عہدیداران متعلقہ کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ گزشتہ سال 2 نومبر سے غیر مجاز تعمیرات و غیر مجاز لے آؤٹس کو باقاعدہ بنانے کی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوا اور اس اسکیم کے تحت 28 اکٹوبر تک تعمیر کردہ غیر مجاز تعمیر کردہ عمارتوں کو ہی باقاعدہ بنانے کا موقع فراہم کیا گیا۔ بی پی ایس (بلڈنگ پینائزیشن اسکیم کے تحت) زائداز 1.32 لاکھ درخواستیں اور ایل آر ایس (لے آؤٹ ریگولرائزیشن اسکیم کے تحت) زائداز 70 ہزار درخواستیں وصول ہونے کی اطلاعات ہیں۔