تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کیلئے اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر

مزدوروں اور ورکرس کی بہبود کیلئے تلنگانہ حکومت کے اقدامات ، چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد یکم / مئی ( آئی این این ) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا ہے کہ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی غرض سے ہر ضلع میں ایک اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر قائم کیا جائے گا ۔ رویندر بھارتی میں مئی ڈے تقاریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے مزدوروں اور ورکرز کی بہبود کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ 16 ہزار ہوم گارڈز اور تقریباً 12 ہزار صحافیوں 5 لاکھ روپئے تک کی حادثاتی انشورنس پالیسی دی جائے گی ۔ اس طرح کے فوائد تقریباً 8 ہزار ڈرائیورس کو بھی فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے آٹو رکشاوں کے ٹیکس میں نرمی کا بھی اعلان کیا ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں چلائی جانے والے آٹو رکشاؤں کے ٹیکس میں کمی کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت نوجوانوں کیلئے روزگار فراہم کرنے تیزی سے صنعت کاری مہم چلا رہی ہے ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان ہنوز بے روزگار ہے لہذا ان نوجوانوں میں مختلف شعبوں کی مہارت حاصل کرنے کیلئے تربیت دی جائے گی ۔ اس سلسلے میں ہر ضلع کے اندر ایک اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر قائم کیا جائے گا ۔