نئی دہلی۔28 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسوڈیا نے آج کہا کہ سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کو فروغ دینے کی غرض سے کلاس میں درس و تدریس اور سیکھنے کی صلاحیت میں بہتر ی لانے کیلئے ایک انوکھا ’مینٹر ٹیچرز‘ پروگرام چلایا جا رہا ہے ۔ سسوڈیا نے کہا دہلی کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے حکومت نے کئی اقدامات کئے ہیں لیکن 200 مینٹر ٹیچرز اس کیلئے ناکافی ہیں۔ اس پروگرام کے تحت طلبا میں بین الاقوامی معیار کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے مینٹر ٹیچرز ممبئی، بنگلور، جے پور احمد آباد بھیجے جائیں گئے جہاں وہ لوگ وہاں کے اہم تعلیمی اداروں کا دورہ کریں گے ۔ راجستھان دگانتر ودیالیہ اور گرامین سکشا کیندر میں مینٹر ٹیچرزکا ایک بیچ بھیجا گیا ہے ۔ گجرات کے انوپم موتی داؤ پرائمری اسکول اور گیان شالا مرکز میں مینٹر ٹیچرز وہاں کے تعلیمی نظام کا مطالعہ کر رہے ہیں۔سسوڈیا نے کہا کہ مینٹر ٹیچرز جب مختلف تعلیمی مراکز سے واپس آئیں گے تب وہ دہلی کے سرکاری اسکولوں میں ملازم دیگر مینٹرٹیچرز کی مدد کریں گے اور کورس بھی ترتیب دیں گے ۔