اردو مسکن خلوت میں تقریب سے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر(سیاست نیوز)کسی بھی قوم یا طبقے کی معاشی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے تعلیم سے بڑا اور کامیاب ہتھیار کوئی نہیں ہے اور حکومت تلنگانہ ریاست میں تعلیم کو عام کرنے کے لئے موثر اقدامات بھی کر رہی ہے بالخصوص اقلیتوں کے لئے ہر سال ساٹھ رہائشی اسکولس کی تعمیر کا منصوبہ حکومت کی اسی پالیسی کی پہل ہے اس کے علاوہ اندرون تین سال حکومت تلنگانہ 180رہائشی اسکولس کی تعمیر کو انجام دے گی۔ نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی نے اُردو مسکن خلوت میںمنعقدہ پراتھم ایجوکیشنل فاونڈیشن کی لاکھوں میںایک مہم کی افتتاحی تقریب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔محترمہ پروین سعید ‘ محترمہ فریدہ لامبئے ‘ مسٹر جی اوم بابو کے علاوہ دیگر نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ پورے ہندوستان میں ریاست تلنگانہ کو اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ سب سے زیادہ اقلیتوںکی فلاح وبہبود کے لئے بجٹ کی اجرائی حکومت تلنگانہ نے کی ہے اور ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے پر اقلیتی طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان کو فائز کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ میںتعلیم کو عام کرنے کے متعلق حکومت تلنگانہ کے جامع منصوبوں پر بھی انہوں نے روشنی ڈالی اور کہاکہ اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کرتے ہوئے محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں ۔ انہوں نے کہاکہ محنت ہی سے مقدر کو تبدیل کیا جاسکتا ہے اور تلنگانہ کے اقلیتی طبقات کے لئے یہ ایک سنہری موقع ہے کہ ریاست میںبرسراقتدار جماعت ٹی آر ایس پارٹی اپنی تمام تر توجہ ریاست میںتعلیم کو عام کرنے پر مرکوز کئے ہوئے ہے۔ جناب محمد محمو دعلی نے پراتھم ایجوکیشنل فاونڈیشن کے ذمہ داران کی جانب سے تعلیم کو عام کرنے کی مہم شروع کرنے پر ریاست تلنگانہ کے انتظامیہ کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عظیم کام میں حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلا یا۔انہوں نے کہاکہ بہت جلد پراتھم ایجوکیشنل فاونڈیشن اور محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں گریٹر حیدرآباد میںپسماندگی کاشکار محلہ جات میںتعلیم کو عام کرنے کے متعلق لائحہ عمل تیار کرتے ہوئے پراتھم ایجوکیشنل سوسائٹی کی خدمات سے استفادہ کرنے کے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔ اس موقع پر پراتھم ایجوکیشنل فاونڈیشن کے سال نو کیلنڈر کی بھی جناب محمد محمو دعلی کے ہاتھوں رسم اجرائی انجام پائی۔قبل ازیں پراتھم ایجوکیشنل فاونڈیشن سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے ملازمت کرنے اور پسماندہ شہر ی علاقو ں میںتعلیم کوعام کرنے کے متعلق چلائی جارہی تحریکوں میںحصہ لینے والی لڑکیوں نے تعلیم حاصل کرنے سے ہونے والے فوائد پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی۔