حیدرآباد 29جنوری (یواین آئی ) حیدرآباد کی مشہور عثمانیہ یونیورسٹی ،تعلیم میں بہتری اور مختلف موضوعات پر عالمی سطح کے ماہرین طلبہ کو فراہم کرنے کے لئے بیرونی ممالک کی یونیورسٹیز کے پروفیسرس کی تقرری کا منصوبہ رکھتی ہے تاہم یونیورسٹی موجودہ 400سے زائد عہدوں کو پُر کرنے کے بعد ہی بیرونی ممالک کے فیکلٹیز کے تقررکے مرحلہ کا آغاز کرے گی ۔ یونیورسٹی میں فیکلٹی کے 1251منظورہ عہدے ہیں جن میں سے تقریبا 60فیصد کئی اساتذہ کی سبکدوشی کے سبب کئی برسوں سے خالی ہیں۔اب حکومت کی منظوری کے بعد بیرونی ممالک کے اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ایس رامچندرن نے کہاکہ یونیورسٹی کے مختلف عہدوں پر راست تقرری کے بعد ہی یونیورسٹی بیرونی ممالک کے اساتذہ کی خدمات حاصل کرے گی ۔