تعلیم سے ہی ملک کی ترقی ممکن: سمرتی ایرانی

اجمیر، 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹیکسٹائل کی مرکزی وزیرسمرتی ایرانی نے بچوں کی مکمل ترقی میں تعلیم کی ضرورت کو اہم بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے ۔ سمرتی ایرانی نے آج یہاں گورنمنٹ معینیہ اسلامیہ ہائی سیکنڈری اسکول میں صلاحیت مند طالب علموں کے اعزاز کی ایک تقریب میں کہا کہ ملک کا مستقبل طلبا کے ہاتھوں میں ہے اس لیے ملک کے تئیں ان کی ذمہ داری زیادہ بڑھ جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں ایک سیاسی لیڈر اور وزیر کے طور پر نہیں بلکہ ایک ماں کے طور پر یہاں آئی ہوں اور ماں کو ایک استاد کے طور پر اپنے بچے کو تعلیم و ترغیب دینی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم سے ہی اخلاقی بیداری آتی ہے ۔انہوں نے راجستھان میں تعلیم کے شعبے میں اختراع پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ ان اختراعات کے سبب ملک میں راجستھان 26 ویں مقام سے دوسرے نمبر پر پہنچ کر اپنی صلاحیت کو ثابت کررہا ہے ۔تقریب میں ریاستی وزیر تعلیم واسو دیو دیونانی نے راجستھان میں تعلیم کے شعبے میں کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں اندراج میں اضافہ غیر متوقع ہے اور آج سرکاری اسکول کے طلبا پرائیویٹ اسکول کو مقابلے میں برابر کی ٹکر دے رہے ہیں۔تقریب میں اترپردیش اسمبلی حلقے کے تقریباً 3700 طلبا طالبات کو میڈل اور سرٹی فکیٹ سے نوازا گیا۔