تعلیمی و معاشی ترقی کے لیے حکومت کے اقدامات سے اقلیتیں خوش

مختلف اسکیمات کا تذکرہ ، ٹی آر ایس رکن قانون ساز کونسل محمد سلیم کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات
حیدرآباد ۔ یکم   فروری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل جناب محمد سلیم نے آج شام پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور اقلیتی بہبود کے سلسلہ میں کئے گئے اعلانات اور اقدامات پر مبارکباد پیش کی۔ جناب محمد سلیم نے چیف منسٹر کی جانب سے اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں اقلیتوں کیلئے اہم پراجکٹس کی تعمیر اور اس کے لئے بجٹ کی منظوری کی ستائش کی اور کہا کہ چیف منسٹر کا شمار ایسے قائدین میں ہوتا ہے جو صرف وعدے نہیں بلکہ ان پر عمل آوری پر یقین رکھتے ہیں۔ اسمبلی میں اسلامک سنٹر ، انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر اور مکہ مسجد کی تزئین نو کیلئے بجٹ کی منظوری کا اعلان کیا گیا اور اندرون دو یوم باقاعدہ احکامات  جاری کردیئے گئے۔ جناب محمد سلیم نے چیف منسٹر کو بتایا کہ ریاست میں اقلیتوںکی تعلیمی اور معاشی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات سے اقلیتوں میں کافی خوشی کا ماحول ہے ۔ تلنگانہ میں اقلیتیں پوری طرح حکومت کے ساتھ ہے اور انہیں یقین ہے کہ صرف کے سی آر کی قیادت میں اقلیتوں کی ترقی ممکن ہے۔ چیف منسٹر نے جناب محمد سلیم کو تیقن دیا کہ انہوں نے اقلیتوں کے بارے میں جو وعدے اور اعلانات کئے ہیں ، ان پر بہرصورت عمل آوری کی جائے گی۔ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ ، وقف بورڈ کو اختیارات اور مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمد سلیم نے مسلمانوںکے بارے میں چیف منسٹر کے جذبہ کی ستائش کی اور کہا کہ ہندوستان میں کے سی آر واحد چیف منسٹر ہیں جنہوں نے اقلیتوں اور کمزور طبقات کے حق میں ٹھوس قدم اٹھائے۔ انتخابی منشور میں جو وعدے کئے گئے تھے ، اس کے علاوہ کئی نئی اسکیمات شروع کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں اقلیتی بہبود کا بجٹ اور اسکیمات اس قدر نہیں ہیں جتنی تلنگانہ میں ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ملک بھرمیں مسلمان تلنگانہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر حقیقی معنوں میں سیکولر اور مسلم دوست ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے حیدرآباد کی پہلی یونیورسٹی عثمانیہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقاریب بڑے پیمانہ پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دائرۃ المعارف کے تحفظ اور اس کی ترقی کیلئے مرکز سے بجٹ منظور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر حیدرآباد میں سعودی کونسلیٹ کے قیام ، حج 2017 ء کیلئے 2000 نشستوں کا خصوصی کوٹہ حاصل کرنے اور نیٹ امتحانات اردو میں منعقد کرنے کیلئے مرکز سے نمائندگی کر رہے ہیں۔ جناب محمد سلیم نے کہا کہ آئندہ ماہ تلنگانہ کے بجٹ میں اقلیتی بہبود کیلئے زائد رقم مختص کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ شادی مبارک ، اوورسیز اسکالر اسکیم اور فیس ری ایمبرسمنٹ جیسی اسکیمات سے اقلیتوں کے ہزاروں خاندانوں کو فائدہ پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور چیف منسٹر کی مقبولیت میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے اور آئندہ عام انتخابات میں ٹی آر ایس کی دوبارہ شاندار کامیابی یقینی ہے ۔