ٹی آر سی کا مذاکرہ ، پروفیسر جی چکراپانی چیرمین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کا خطاب
حیدرآباد۔10مئی(سیاست نیوز)صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن پروفیسر جی چکر اپانی نے علیحدہ ریاست تلنگانہ جدوجہد کے عظیم جہدکاروں کے کارناموں کو تعلیمی نصاب میںشامل کرتے ہوئے تلنگانہ کے نوجوان طبقے کے مذکور ہ جہدکاروں کے کارناموں سے واقف کروانے کی تائید وحمایت کی۔ آج یہاں چندرم ‘ حمایت نگر میںتلنگانہ جہدکار بھیم ریڈی نرسمہار یڈی کی ساتویں برسی کے موقع پر منعقدہ تلنگانہ ریسور س سنٹر کے 173ویں مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آنجہانی بھیم ریڈی نرسمہاریڈی کو بھرپور خراج عقید ت پیش کیا اور ان کے کارناموں کو تعلیمی نصاب میںشامل کرنے کی حمایت بھی کی۔ ریاستی وزیرجگدیش ریڈی‘ سماجی جہدکارجی گوری شنکر‘ بھیم ریڈی پربھاکر ریڈی نے بھی اس مذاکرے سے خطاب کیا۔ پروفیسر گھنٹہ چکر ا پانی نے کہاکہ معاشی طور پر پسماندہ طبقات کے اندر انقلاب برپا کرنے میں آنجہابی بھیم ریڈی نرسمہا ریڈی نے اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تلنگانہ کے اندر سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف چلائی جانے والی تحریکوں میں بھی آنجہانی بھیم ریڈی نرسمہا ریڈی کا اہم رول رہا۔ انہوں نے ایسے جہدکاروں کو تاریخی نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ ریاستی وزیرجگدیش ریڈی نے مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے بھیم ریڈی نرسمہار یڈی کے خدمات کو خراج پیش کیا۔