تعلیمی فیس بازادائیگی اور اسکالر شپس کیلئے درخواستوں کی وصولی

حیدرآباد۔/3جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے طلبہ کیلئے فیس ری ایمبرسمنٹ اور اسکالر شپس درخواستوں کے ادخال کی مدت میں 15جون تک توسیع دی ہے۔ اس سلسلہ میں پرنسپال سکریٹری محکمہ بہبود مسٹر ریمنڈ پیٹر نے احکامات جاری کئے اور کالج انتظامیوں سے بھی 15جون تک اپنے رجسٹریشن کروالینے کا مشورہ دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف طلبہ تنظیموں اور کالجوں کی جانب سے کی گئی نمائندگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے مدت میں اضافہ کا فیصلہ کیا اور بتایا کہ کوئی بھی طالب علم اور کوئی کالج ہو انہیں ای پاس ویب سائیٹ میں رجسٹریشن کروانے پر ہی فیس ری ایمبرسمنٹ اور اسکالر شپس کی منظوری عمل میں لائی جائے گی۔ درخواستوں کے ادخال کی مدت میں توسیع سے طلبہ اور کالج انتظامیہ سے بھرپور استفادہ کرنے کی پرزور اپیل کی۔