تعلیمی شعبہ کیلئے بجٹ میں 2 فیصد کمی

نئی دہلی۔28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی بجٹ میں آج تعلیمی شعبہ کے لیے منصوبہ مصارف میں 2 فیصد کمی کی گئی ہے ۔ تاہم حکومت بعض ریاستوں میں نئے آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ مجموعی طور پر اسکولی تعلیم اور اعلیٰ تعلیمی شعبہ کے لیے 69,074 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں جب کہ سال 2014-15 میں 70.505 کروڑ روپئے کی رقم مختص کی گئی تھی۔ بجٹ میں کمی کے باوجود وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے اس کا خیر مقدم کیا ہے ۔

خلائی شعبہ کیلئے 6000 کروڑ روپئے
حکومت نے لانچ وہیکل ٹکنالوجی پراجکٹس پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مرکزی بجٹ میں خلائی شعبہ کے لیے 6000 کروڑ روپئے کی رقم مختص کی ہے ۔ گزشتہ سال حکومت نے ابتداء میں 6 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے تھے لیکن نظر ثانی کے بعد اسے 4500 کروڑ روپئے کردیا گیا تھا ۔۔

دفاعی شعبہ میں تقریبا 11 فیصد اضافہ
دفاعی بجٹ میں 10.95 فیصد اضافہ کرتے ہوئے آئندہ سال کے لیے 2.46 لاکھ کروڑ روپئے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔ حکومت نے درآمدات پر انحصار کو کم کرنے کے لیے ’ میک ان انڈیا ‘ پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ دفاعی بجٹ مرکزی حکومت کے جملہ مصارف کا تقریبا 13.88 فیصد ہے ۔ اس کے باوجود یہ رقم چین کی دفاعی شعبہ پر صرف کی جانے والی رقم سے کافی کم ہے ۔