تعلیمی شعبہ کو مستحکم کرنے بڑے پیمانے پر عملی اقدامات

یوم اساتذہ پر ٹیچرس کو مبارکباد کی پیشکش ، وزیر تعلیم کڈیم سری ہری
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : وزیر تعلیم و ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کڈیم سری ہری نے ’ یوم اساتذہ ‘ کے موقع پر ریاست کے تمام ٹیچرس کو مبارکباد دی اور کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی قیادت میں تعلیمی شعبہ کو مستحکم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ماضی کی حکومتوں نے تعلیمی شعبہ کو یکسر نظر انداز کردیا تھا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست میں گذشتہ تین سال سے تعلیمی شعبہ کو مستحکم بنانے کے لیے کئی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تلنگانہ کے طلبہ کو تعلیمی شعبہ میں عالمی مسابقت میں حصہ لینے کا اہل بنایا جارہا ہے ۔ معیاری تعلیم کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ گذشتہ 2 سال کے دوران 525 ریزیڈنشیل اسکولس قائم کئے گئے ۔ ہاسٹلس کے میس چارجس میں زبردست اضافہ کیا گیا ۔ سرکاری اسکولس کے لیے ذاتی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں ۔ تعلیمی اداروں میں بائیو میٹرک مشین اور سی سی کیمرے نصب کیے گئے ہیں ۔ اسکولس میں کمپیوٹر لیابس ، صاف پینے کا پانی سربراہ کرنے کے لیے آر او پلانٹس لگائے جارہے ہیں ۔ بیت الخلاؤں کے علاوہ دوسری بنیادی سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں ۔ سرکاری اسکولس کی تعلیم پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے سرکاری تعلیم کو معیاری بنانے کے منصوبہ کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں ۔ سرکاری اسکولس اور کالجس کے شرح داخلوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ اور سالانہ امتحانی نتائج میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کو مستحکم کرنے والے اساتذہ کو سابق صدر جمہوریہ سروے پلی رادھا کرشنا کی یوم پیدائش کے موقع پر مبارکباد پیش کی ۔۔