تعلیمی شعبہ میں نمائش سوسائٹی کی گرانقدر خدمات قابل ستائش

فارمیسی کالج کی افتتاحی تقریب سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کا خطاب
حیدرآباد 16 نومبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے نمائش سوسائٹی حیدرآباد کی تعلیمی میدان میں گرانقدر خدمات اور سوسائٹی کی سرگرمیوں کی زبردست ستائش کی اور اپنے ممکنہ تعاون کا نمائش سوسائٹی کو تیقن دیا ۔ آج یہاں لالہ گوڑہ تارناکہ میں نئی تعمیر کردہ سروجنی نائیڈو ونیتا فارمیسی مہاودیا لیہ کی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ عصری سہولتوں سے آراستہ اس کالج میں طالبات کو فارمیسی کی معیاری تعلیم دینے نمائش سوسائٹی حیدرآباد کی کوششوں کی زبردست سراہنا کی ۔اور پھر اس موقع پر چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے بائیولوجیکل ایونٹس ڈائرکٹر کو تہنیت پیش کی ۔ اس افتتاحی تقریب میں تلنگانہ وزراء ای راجندر ،وزیر فینانس جگدیش ریڈی وزیر تعلیم ارکان اسمبلی بشمول سابق رکن اسمبلی مسٹر ایم ششی دھر ریڈی و دیگر قائدین کے علاوہ اعلی عہدیداروں بشمول نمائش سوسائٹی عہدیدار کثیر تعداد میں شریک تھے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نمائش سوسائٹی کی حقیقی و انتھک کوششوں اور جذبہ کے ساتھ خدمات انجام دیئے جانے کی یہ کالج ہی ایک مثال ہے بلکہ اس کی ایک علحدہ خصوصیت پائی جاتی ہے کیونکہ نمائش سوسائٹی بھی ایک غیر نفع بخش سوسائٹی ہے ۔ مسٹر چندرا شیکھر راو نے سوسائٹی کو مشورہ دیا کہ وہ طالبات کیلئے سود مند و فائدہ مند تعلیم دینے اور مثالی تعلیم نئی نسل کو فراہم کریں۔ چیف منسٹر نے نمائش سوسائٹی حیدرآباد کو حکومت کا بھر پور تعاون دینے کا واضح تیقن دیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ نمائش سوسائٹی حیدرآباد میں آئندہ مزید نئے کورسیس کے کالجس قائم کرے گی۔