تعلیمی سال کا 13 اپریل 2018 کو اختتام

کیلنڈر میں نظرثانی ، محکمہ تعلیمات سے شیڈول کی اجرائی
حیدرآباد۔30اگسٹ (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیمی کلینڈر میں تبدیلی کا تجربہ ناکام ثابت ہوا اور حکومت تلنگانہ نے واپس قدیم تعلیمی کلینڈر کو اختیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے احکام جاری کردیئے ہیں ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے گذشتہ دو برسوں سے تعلیمی کلینڈر میں تبدیلی کے سلسلہ میںکئے جا رہے تجربہ سے دستبرداری اختیار کئے جانے کے بعد یہ بات واضح ہوگئی کہ محکمہ تعلیم میں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے بلکہ عہدیداروں کی من مانی کے سبب حکومت ‘ طلبہ‘ اولیائے طلبہ اور اسکول انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ تعلیم کے تعلیمی کلینڈر کی تبدیلی کے فیصلہ کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی تھی اس کے سبب طلبہ کو سالانہ امتحانات کے بعد بھی اسکول کا رخ کرنا پڑ رہا تھا لیکن اب تعلیمی سال 2017-2018 کے تعلیمی سال میں ایسا نہیں ہوگا بلکہ سابق کی طرح سالانہ امتحانات کی تکمیل کے فوری بعد ریاست میں تعلیمی اداروں کو تعطیلات حاصل ہو جائیں گی ۔ محکمہ تعلیم نے جو تعلیمی سال کا کلینڈر جاری کیا تھا اس میں ترمیم کے سلسلہ میں مختلف اساتذہ و غیر سرکاری اسکولوں کی تنظیموں کی جانب سے متعدد نمائندگیاں کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو اس بات سے واقف کروانے کی کوشش کی گئی تھی کہ شمالی ہند میں جو تعلیمی کلینڈر اختیار کیا گیا ہے اس پرجنوبی ہند کی ریاستوں میں عمل آوری ممکن نہیں ہے اسی لئے سابقہ کلینڈر کو ہی برقرار رکھا جائے لیکن دو سال تک نئے تعلیمی کلینڈر پر عمل آوری اور طریقہ کار کو اختیار کئے جانے کے بعد ریاستی حکومت اور محکمہ تعلیم نے نئے تعلیمی کلینڈر کی تنسیخ اور سابقہ تعلیمی کلینڈر کو اختیارکرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کے اسپیشل چیف سیکریٹری مسٹر رنجیو آچاریہ کی دستخط کے ساتھ میمو کی اجرائی عمل میں لائی گئی ۔ نئے تعلیمی کلینڈر کے مطابق جاریہ تعلیمی سال کا آخری دن 12اپریل 2018ہوگا اور گرمائی تعطیلات 13اپریل سے 31مئی تک دیئے جائیں گے اس کے بعد اسکولوں کی کشادگی عمل میں آئے گی۔محکمہ تعلیم نے نئے تعلیمی کلینڈر کے مطابق 20ستمبر تا 4اکٹوبر 2017 دسہرہ کی تعطیلات رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جناب سید آصف ٹی آر ایس ایم ایل اے نے بتایا کہ تعلیمی کلینڈر میں تبدیلی کے سبب ہر کسی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اور اس صورتحال سے طلبہ ‘ اولیائے طلبہ ‘ اسکول انتظامیہ ‘ اساتذہ سب ہی پریشان تھے اسی لئے حکومت کو اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کرواتے ہوئے قدیم تعلیمی کلینڈر کو اختیار کرنے کی نمائندگی کی جاتی رہی تھی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت کے اس اقدام کے بعد محکمہ تعلیم کے بعض عہدیداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جو محکمہ میں اپنی من مانی کے ذریعہ اصلاحات کے نام پر ہراسانی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

تعطیلات کا جدول
20-9-17 تا 4-10-17 دسہرہ کی تعطیلات
14-12-17 تا 28-12-17 مشنری اسکولس میں کرسمس تعطیلات
12-1-18 تا 16-1-18 دیگر اسکولس کو سنکرانتی تعطیلات
ڈیجیٹل کلاسیس کا شیڈول
ایس ایس سی کے لیے صبح 10-30 تا 11-15
نویں جماعت کے لیے صبح 11-30 تا 12-15
آٹھویں جماعت کے لیے دوپہر 2-00 تا 2-45
ساتویں جماعت کے لیے دوپہر 2-45 تا 3-30
چٹھی جماعت کے لیے 3-40 تا 4-20
امتحانات کا شیڈول
31-17-2017 تک فارما ٹیو اسسمنٹ 1
19-9-2017 تک فارما ٹیو اسسمنٹ 2
23-10-2017 تا 28-10-2017 تک سمٹیو اسسمنٹ 1
30-11-2017 تک فارماٹیو اسسمنٹ 3
31-01-2018 تک ایس ایس سی طلبہ کے لیے فارماٹیو اسسمنٹ 4
28-02-2018 تک جماعت اول تا جماعت نہم تک فارماٹیو اسسمنٹ 4
02-04-2018 تا 09-04-2018 تک سمٹیو اسسمنٹ 2
10-04-2018 ۔ جوابی بیاض کی حوالگی
11-04-2018 سے طلباء کے والدین کے ساتھ اجلاس اور طلبہ کے امتحانی نتائج کی حوالگی
28-02-2018 سے ایس ایس سی طلبہ کا پری فائنل امتحان اور مارچ پہلے ہفتہ میں سالانہ امتحان