غلام احمد کالج آف ایجوکیشن کے کالج ڈے سے ہوم سکریٹری انیتا راجندر کا خطاب
حیدرآباد ۔ /26 اپریل ( پریس نوٹ) سکریٹری ہوم مسز انیتا راجندر آئی اے ایس نے تعلیمی اداروں کو عبادتگاہوں کی طرح مقدس اور تدریس کومقدس ترین پیشہ قرار دیا ۔ وہ غلام احمد کالج آف ایجوکیشن کے کالج ڈے سے مخاطب تھے ۔ جناب ظفر جاوید سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائیٹی نے صدارت کی ۔ شہ نشین پر پرنسپال کالج مسز وبھا آستھانہ ،چیرمین گورننگ کونسل جناب ایس ایس وہاب ، ڈاکٹر میر اکبر علی خان موجود تھے ۔ جبکہ جناب محمد جعفر ، نسیم ناتھانی ، سید عامر جاوید نے اس تقریب میں شرکت کی ۔ہوم سکریٹری نے تدریس کے تقدس کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا اور یاد دلایا کہ ایک دور وہ بھی تھا جب درختوں کی چھاؤں میں تعلیم دی جاتی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھے ٹیچر کی پہچان یہی ہے کہ اس کے شاگرد اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر اس کا صحیح استعمال کرسکیں ۔ طلبہ کو ان کی پسند اور رجحان کے مطابق کورسس کے انتخاب کی اجازت دی جائے ۔جس سے وہ نفسیاتی دباؤ سے محفوظ رہ سکیں گے ۔ بچوں کو ان کی پسند کے مطابق کورسس میں داخلے نہ دلائے جانے کی وجہ سے وہ نفسیاتی دباؤ کا شکار رہتے ہیںاور اسی وجہ سے خودکشی کے کئی واقعات پیش آتے ہیں ۔ انہوں نے بی ایڈ اور ایم ایڈ کے طلبہ کو مشور ہ دیا کہ وہ حرکیاتی بنیں ۔ تدریس خواتین کے لئے موزوں پیشہ ہے ،اس کیلئے ذمہ داری کا احساس اور ڈسپلن ضروری ہے ۔ سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائیٹی کے سکریٹری جناب ظفر جاوید نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کیلئے اچھے اساتذہ کی ضرورت ہے جو نئی نسل کی صلاحیتوں کو پروان چڑھاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ غلام احمد کالج آف ایجوکیشن کے فارغ التحصیل اب لائق فائق اساتذہ ہیں ۔ اس موقع پر میرٹ یافتہ طلبہ کو ایوارڈس ، میڈلس سرٹیفکیٹس پیش کئے گئے ۔ قمر سلطانہ نے عثمانیہ یونیورسٹی ایم ایڈ میں ٹاپ کیا اور رحمت النساء فہیم کو تعلیم اور اسپورٹس میں نمایاں کارکردگی پر تہنیت پیش کی گئی ۔