تعلیماتِ محمد ؐ پر عمل آوری سے پشاور جیسے ظالم کا انسداد ممکن

لندن یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مسلمان کسی بھی صورت میں اپنے بدترین دشمن کے بچوں اور عورتوں کا قتل نہیں کرتے بلکہ جنگوں میں ان کی حفاظت کی جاتی ہے۔ پشاور کا واقعہ درندگی کی بدترین مثال ہے اور اس سے مسلمانوں کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار منہاج القرآن برطانیہ کے علامہ صادق القریشی الازہری اور دیگر مقررین نے منہاج القرآن لندن کے زیر اہتمام منعقدہ میلاد النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ صادق قریشی نے کہا کہ امت مسلمہ کا نبیؐ کے ساتھ تعلق ضروری ہے۔ اگر ہم اسلامی تعلیمات پر خلوص دل سے عمل کریں اور حضور کریمؐ کی پیروی کریں تو پشاور جیسے وحشیانہ واقعات کبھی نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبیؐ پر عمل میں ہماری دینی و دنیاوی زندگیوں میں کامیابی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں دیڑھ سو کے قریب بچوں کا قتل تاریخ کا بدترین واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ہمیشہ امن اور محبت کا درس دیا ہے۔