11 اپریل کے بعد کھیلوں اور دیگر تربیتی پروگرامس کو قطعیت دئیے جانے کا امکان
حیدرآباد۔2اپریل(سیاست نیوز) موسم گرما اور تعطیلات کے موسم کے آغاز کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ابھی تک بھی سمر کیمپ کے انعقاد کے سلسلہ میں تفصیلی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے بلکہ کہا جا رہاہے کہ انتخابات کے اختتام تک سمر کیمپ کے آغاز کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے غور نہیں کیا جائے گا کیونکہ انتخابات کے دوران شہر کے کئی انڈور اسٹیڈیم انتخابی سرگرمیوں کے لئے استعمال ہوتے ہیں اسی لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے سمر کیمپ کے دوران انڈور گیمس کے سلسلہ میں فوری طور پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا رہاہے اور کہا جا رہے کہ اس سلسلہ میں اعلی عہدیداروں بالخصوص کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و ضلع الکٹورل آفیسر مسٹر دانا کشور کے واضح احکامات کا انتظارکیا جا رہاہے اور جب تک واضح احکامات نہیں ملتے اس وقت تک سمر کیمپ کے کھیلوں اور تربیت کے سلسلہ میں کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ موسم گرما کے دوران جی ایچ ایم سی کی جانب سے سمر کیمپ کے انعقاد کے معاملہ میں عہدیداروں نے 11 اپریل کے بعد قطعی فیصلہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے کیونکہ 11اپریل کو رائے دہی کے عمل کی تکمیل کے بعد تمام عہدیدار مجموعی اعتبار سے انتخابی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے اور صرف اعلی عہدیداروں پر بھاری ذمہ داریاں رہیں گی۔ شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے منعقد کئے جانے والے کھیلوں کی تربیت اور تیراکی کے علاوہ دیگر پروگرامس کے سلسلہ میں متعلقہ شعبہ کے عہدیداروں نے بتایاکہ ابتداء میں 5 اپریل کو تمام کھیلوں کے سلسلہ میں اعلامیہ جاری کرتے ہوئے داخلوں کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاتھا لیکن اب جبکہ 11اپریل کو عام انتخابات کیلئے رائے دہی منعقد ہونی ہے تو ایسی صورت میں اعلی عہدیداروں سے مشاورت کی جا رہی ہے اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام کھیلوں اور تربیتی پروگرامس کے لئے 11اپریل کے بعد ہی اعلامیہ جاری کیا جائے تاکہ داخلہ حاصل کرنے والوں کے علاوہ عہدیداروں کو بھی کسی قسم کی کوئی مشکل کا سامنا نہ رہے اور نہ ہی داخلہ حاصل کرنے کے بعد طلبہ اور نوجوانوں کی دلچسپی میں کمی آئے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے چلائے جانے والے سمر کیمپ کے سلسلہ میں کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے احکامات کی اجرائی کے فوری بعد متعلقہ محکمہ کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کی توقع کی جا رہی ہے۔