تعطیلات میں بھی خصوصی کلاسس کے خلاف طالبات نے کلائیاں کاٹ لی

حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : کئی خانگی ادارے بلند و بانگ دعوؤں کے ساتھ عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے میں اس وقت کامیاب تو ہیں لیکن ’دور کے ہنس بڑے سہانے ‘ کے مترادف چیتنیا جونیر کالج کی کئی طالبات نے تعطیلات میں بھی باہر نہ جانے سے تنگ آکر اپنی کلائیاں کاٹ لی ہیں ۔ تفصیلات کے بموجب ناگول کے چیتنیا جونیر کالج کی 6 طالبات نے اپنی کلائیاں کاٹ لیں کیوں کہ ان طالبات کا کہنا ہے کہ انہیں کالج انتظامیہ نے قیدی جیسی زندگی گزارنے پر مجبور کردیا ہے اور اب جب کہ 6 اور 7 دسمبر کو بابری مسجد کی شہادت اور تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سب کچھ بند تھا لیکن کالج انتظامیہ نے ان دنوں میں کلاسیس کا اہتمام کیا ہے حالانکہ جونیر کالج کی زیادہ تر طالبات کی عمریں ووٹنگ کی نہیں ہیں لیکن کلائیاں کاٹ لینے والی طالبات کے علاوہ بیشتر طالبات نے شکایت کی ہے کہ عام تعطیلات میں بھی کالج میں کلاسیس چلائی جاتی ہیں جیسا کہ دیوالی اور دیگر تہواروں کو جہاں سبھی کالجس بند رہتے ہیں وہیں اس کالج میں کلاسیس کا اہتمام کیا جاتا ہے اور جو طالبات ان اسپیشل کلاسیس سے غیر حاضر رہتی ان کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے ۔ دریں اثناء تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن ( ٹی ایس بی آئی ای ) کے سکریٹری ڈاکٹر اے اشوک نے پہلے ہی خانگی کالجوں کو انتباہ دیا ہے کہ اگر وہ تعطیلات میں کالج میں اگر کوئی کلاس کا اہتمام کرتے ہوئے قواعد کی خلاف ورزی کریں گے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔۔