نئی دہلی 7 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی اور چینی افواج نے تعاون میں اضافہ کرنے اور باہمی سرگرمی کے نئے شعبہ جات کی نشاندہی کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ حکومت نے آج یہ بات بتائی ۔ راجیہ سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے منسٹر آف اسٹیٹ خارجہ جنرل ( ریٹائرڈ ) وی کے سنگھ نے کہا کہ ساتویں سالانہ دفاعی و سکیوریٹی مذاکرات دونوں ملکوں کے مابین 9 تا 11 اپریل بیجنگ میں منعقد ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے یہ بات نوٹ کی کہ دونوں ملکوں کی قیادت سرحدات پر امن و سکون کو برقرار رکھنے کی خواہش رکھتی ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے منصوبے بھی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ باہمی فوجی تعاون میں اضافل کیا جائے اور ایسے شعبہ جات کی نشاندہی کی جائے جہاں دونوں ملک مل کر کام کرسکت یہیں۔ یہ بات چیت ایسے تناظر میں منعقد ہوئی تھی جب چین نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ اپنے میری ٹائم سلک روڈ پراجیکٹ کو ہندوستان کے موسم پراجیکٹ سے مربوط کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلہ میں چین کو بھی شامل کرکے سہ فریقی تعاون کو فروغ دیا جاسکے ۔