تصادم کے واقعہ پر ناشائستہ گفتگو انسپکٹر اور سب انسپکٹر معطل

لکھنٔو، 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں آگرہ کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت پاٹھک نے سوشل میڈیا پر تصادم سے متعلق ناشائستہ بات چیت کی ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے میں ایک پولیس انسپکٹر اور دو سب انسپکٹروں کو فوری طور پر معطل کردیا ہے ۔پولیس ترجمان نے یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) او پی سنگھ نے پولیس تصادم سے متعلق ناشائستہ بات چیت کی ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے قصوروار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔ ڈی جی پی کی ہدایت پر سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ پاٹھک نے پیر کی شب بسئی جگنیر کے تھانہ انچارج انسپکٹر جگدمبا پرساد اور اسی تھانے میں تعینات سب انسپکٹر بلبیر سنگھ کے علاوہ چترا ہاٹ تھانے میں تعینات سب انسپکٹر سرویش کمار کو معطل کردیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ معاملے کی جانچ پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہی) مشرقی کو سونپی گئی ہے ۔واضح رہے کہ تصادم سے متعلق بات چیت کی ویڈیو پیر کے روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔اس کے بعد ڈائرکٹر جنرل او پی سنگھ کے حکم پر یہ کارروائی کی گئی۔