تشکیل حکومت پر کے سی آر کا رویہ ’’نئے فقیر کو بھیک کی جلدی‘‘ کے مترادف

راہول کو وزیراعظم بنانے کی تائید پر قائم رہنے کی ضمانت نہیں، صدر تلنگانہ پی سی سی پنالہ لکشمیا
حیدرآباد ۔ 10 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ حکومت تشکیل دینے کے معاملے میں سربراہ ٹی آر ایس کا رویہ ’’نئے فقیر کو بھیک کی جلدی‘‘ کے مماثل ہے۔ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے وزیراعظم بننے کے معاملے میں راہول گاندھی کی تائید کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں لیکن کے چندرشیکھر راؤ اس پر کب تک قائم رہتے ہیں اس کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ حکومت تشکیل دینے کا خواب دیکھ رہے ہیں اور یہی خواب عوام کو دکھانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہیکہ ہمیں جو رپورٹس موصول ہورہی ہیں اس میں اسمبلی حلقہ گجویل سے مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو شکست ہونے والی ہے۔ کے سی آر کپڑوں کی طرح سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والے بروکر ہے جو مجھ پر اپنی پارٹی ٹی آر ایس میں پھوٹ ڈالنے کا اظہار کرتے ہوئے شک کررہے ہیں۔ وہ بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں مگر ان کی تربیت اور تہذیب اس کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔ یوتھ کانگریس میں خدمات انجام دینے کے دوران غیرقانونی کام کرنے والے کے چندرشیکھر راؤ پارٹی سے بیدخل کردینے کے ڈر سے آنجہانی این ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے تلگودیشم میں شامل ہوگئے۔ این ٹی آر کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے والوں میں کے سی آر بھی موجود تھے۔ تلگودیشم میں وزارت نہ ملنے پر ٹی آر ایس تشکیل دینے والے سربراہ ٹی آر ایس کو مجھے سیاست کے بارے میں مشورے دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کانگریس پارٹی نے تشکیل دی ہے اور تلنگانہ کے عوام نے کانگریس پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ سربراہ ٹی آر ایس کو میری طاقت کا اندازہ نہیں ہے۔ اگر کوئی انہیں چھیڑتا ہے تو وہ اس کو چھوڑتے نہیں۔ مخالفین تلنگانہ اور تلنگانہ کی تحریک میں کوئی رول نہ رکھنے والوں کو کے چندرشیکھر راؤ نے ٹکٹ دیا ہے اور ان پر خود سربراہ ٹی آر ایس کو بھروسہ نہیں ہے۔ اپنے پارٹی کے ارکان اسمبلی کو پارٹی میں باندھے رکھنے کیلئے مجھ پر جھوٹے من گھڑت الزامات عائد کررہے ہیں۔ سربراہ ٹی آر ایس کا مجھ پر تنقید کرنا انتخابی نتائج سے قبل مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندرشیکھر راؤ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ترجمان کی حیثیت سے سیما آندھرا میں جگن موہن ریڈی چیف منسٹر بننے کا دعویٰ کررہے ہیں۔