تشکیل تلنگانہ یقینی ، سیما آندھرا قائدین کی رکاوٹ بے اثر ہوگی
تلنگانہ بل چاک کرنا صدر جمہوریہ کی توہین کے مترادف ، وجئے شانتی
حیدرآباد۔/20ڈسمبر، ( سیاست نیوز) میدک کی رکن پارلیمنٹ وجئے شانتی نے تشکیل تلنگانہ کو یقینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیما آندھرا قائدین کی جانب سے کی جارہی کوششوں کا ریاست کی تقسیم کے عمل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے اسمبلی میں تلنگانہ بل پر مباحث کو روکنے کیلئے سیما آندھرا ارکان کی ہنگامہ آرائی اور مسودہ بل کو پھاڑنے جیسے واقعات پر سخت تنقید کی۔ وجئے شانتی نے کہا کہ سیما آندھرا کے ارکان روڈیوں کی طرح کردار ادا کررہے ہیں۔ انہیں تلنگانہ مسودہ بل کو پھاڑنے کا کوئی حق نہیں۔ صدر جمہوریہ نے اس مسودہ بل کو مباحث کیلئے اسمبلی روانہ کیا ہے اور اس بل کو پھاڑنا دراصل صدر جمہوریہ کی توہین ہے۔ انہوں نے نئے سال کے موقع پر تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی قرار دیا اور کہاکہ لاکھ رکاوٹوں کے باوجود تلنگانہ عوام کے خوابوں کی تکمیل ہوگی۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کرے اور تلنگانہ بل کو منظوری دی جائے۔
انہوں نے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی، قائد اپوزیشن چندرا بابو نائیڈو اور وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی پر تشکیل تلنگانہ کو روکنے کیلئے سازباز کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان قائدین نے تلنگانہ کے حق میں اپنے موقف کا اظہار کیا تھا لیکن مرکزی کابینہ کی جانب سے ریاست کی تقسیم کے حق میں فیصلہ کے ساتھ ہی اپنا موقف تبدیل کرلیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ قائدین اور عوام کو مشورہ دیا کہ وہ متحدہ طور پر سیما آندھرائی سازشوں کا مقابلہ کریں اور پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی منظوری تک چوکسی کو برقرار رکھیں۔