تشکیل تلنگانہ کے لیے کے سی آر سے معاہدہ کی تردید

حیدرآباد /26 دسمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا پی گووردھن ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کانگریس اور پارٹی صدر سونیا گاندھی کے خلاف صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی من گھڑت الزامات عائد کرکے سیما۔ آندھرا میں کانگریس پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں،

تاہم چیف منسٹر اور سیما۔ آندھرا کے کانگریس قائدین منہ توڑ جواب دینے کی بجائے خاموشی اختیار کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس کو مستحکم ہونے کا موقع فراہم کر رہے ہیں، جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا میں کانگریس کو ہونے والے نقصان کے ذمہ دار چیف منسٹر اور سیما۔ آندھرا کے کانگریس قائدین ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شخصیتوں سے کانگریس نہیں ہے، بلکہ کانگریس سے شخصیتیں ہیں، لہذا جو لوگ کانگریس چھوڑیں گے ان کا شخصی نقصان ہوگا۔ انھوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے معاملے میں ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے معاہدہ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت کوئی معاہدہ نہیں ہوا، تاہم مستقبل میں روشن امکانات ہیں۔

انھوں نے کہا کہ علحدہ ریاست کی تشکیل کو کوئی روک نہیں سکتا، ہر حال میں علحدہ ریاست تشکیل پائے گی۔ انھوں نے ٹی آر ایس کی کانگریس میں انضمام نہ ہونے سے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں تاخیر کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کرشنا کے لئے پانی مختص کرنے سے ضلع محبوب نگر کا بہت بڑا نقصان ہو سکتا ہے، جب کہ برجیش ٹریبونل مقدمہ میں علاقہ تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹ کے لئے حکومت نے ٹھوس نمائندگی نہیں کی۔