تشکیل تلنگانہ کے بعد 9000 کیلومیٹر سڑکوں کی تعمیر

چار سال میں ہوئے تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ ۔ ٹی ناگیشور راؤ کا بیان

حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد 4 سال میں 18,000 کروڑ روپئے کے مصارف سے 9000 کیلو میٹر سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں ۔ آج ہائی ٹیکس کے نیاک آڈیٹوریم میں اہتمام کردہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس اجلاس میں 4 سال کے دوران حکومت تلنگانہ کی جانب سے تعمیر کردہ سڑکوں اور عمارتوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔ روڈ سیفٹی ، حادثات کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا ۔ عہدیداروں نے ریاست کے دور دراز علاقوں کو سڑکوں سے مربوط کرنے کی تفصیلات پیش کی ۔ وزیر عمارت و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں گذشتہ 60 سال کے دوران 6052 کیلو میٹر تک دیہی علاقوں میں سڑکیں تعمیر کی گئی تھی ۔ ٹی آر ایس حکومت نے گذشتہ 4 سال کے دوران دیہی علاقوں 5700 کیلو میٹر سڑکیں تعمیر کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کئی سڑکوں کو منظوری دی گئی ۔ 18000 کروڑ روپئے کے مصارف سے 9000 کیلو میٹر سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں جن میں ابھی تک 13000 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے 5800 سڑکیں تعمیر کردی گئی ہیں اس کے علاوہ 508 پل بھی تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ پل اور چیک ڈیم کی تعمیرات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ آئینہ کی طرح صاف و شفاف سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں ۔ جن سڑکوں کو دیکھ کر خوشی ہورہی ہے وہیں سڑکوں پر حادثات سے تشویش ہورہی ہے ۔ پلوں کی تعمیرات ارکان اسمبلی کے کیمپ آفسوں کے تعمیرات کی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ تعمیرات میں تاخیر ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ 15 اگست تک تمام ارکان اسمبلی کے کیمپ آفسوں کی تعمیر کرنے کی ہدایت دی ۔