تشکیل تلنگانہ کے بعد 14 مئی کو پہلی مرتبہ ایمسیٹ

نان لوکل زمرہ کے تحت آندھرا کے طلبا میں بھی زبردست مسابقت
حیدرآباد 29 مارچ (سیاست نیوز) متحدہ آندھرا پردیش کی تقسیم کے ذریعہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست تلنگانہ میں میڈیسن و انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کیلئے پہلی مرتبہ علحدہ ایمسیٹ 2015 کا 14 مئی کو انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اور اس ایمسیٹ کیلئے درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 9 ‘اپریل مقرر ہے ۔ تاہم ایمسیٹ میں شرکت کرنے کیلئے اب تک 1.12 لاکھ درخواستوں کی توقع کی جاسکتی ہے۔ تلنگانہ کونسل برائے اعلی تعلیم کے ذرائع نے کہا کہ اب تک وصول شدہ درخواستوں میں 15 فیصد اوپن کوٹہ کے تحت آندھرا پردیش سے جملہ 18,961 طلباء نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ ان میں نان لوکل کے طور پر 4202 طلباء نے درخواستیں داخل کیں ۔ علاوہ ازیں آندھرا پردیش سے انجینئرنگ کورسیس میں داخلوں کیلئے 6710 طلبا نے درخواستیں داخل کیں جبکہ میڈیکل کورسیس میں داخلوں کیلئے طلبا میں کافی مسابقت دکھائی دے رہی ہے کیونکہ تلنگانہ میں بہتر معیار کے میڈیکل کالجس پائے جاتے ہیں اور ان کالجوں میں نان لوکل کوٹہ کے تحت داخلوں کے حصول کیلئے آندھرا پردیش کے طلبا میں بھی مسابقت ہے ۔ ذرائع کے مطابق آندھرا پردیش کے 11,996 طلباء و طالبات نے میڈیکل کوریس میںداخلہ کے حصول کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں۔ اسی دوران کنوینر ایمسٹ 2015 پروفیسر این وی رمنا راو کے مطابق اب تک کی وصول شدہ جملہ درخواستوں میں عثمانیہ یونیورسٹی علاقہ سے 92,820 آندھرا یونیورسٹی علاقہ سے 8,277 سری وینکٹیشورا یونیورسٹی علاقہ سے 4,202 درخواستیں شامل ہیں ان میں 55,016 طلباء اور 56,77 طالبات پائی جاتی ہیں۔