محبوب نگر اسمبلی حلقہ سے ٹی آر ایس لیڈر سید ابراہیم انتخابی ٹکٹ سے محروم
حیدرآباد۔/11مارچ، ( سیاست نیوز) علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات اور ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ دینے کا وعدہ کرنے والے ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ نے آج ٹکٹوں کی تقسیم کے سلسلہ میں اقلیتوں سے ناانصافی کا پہلا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے محبوب نگر اسمبلی حلقہ سے پارٹی ٹکٹ کے مضبوط دعویدار سید ابراہیم کو پارٹی ٹکٹ سے محروم کرتے ہوئے تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے معاون صدرنشین اور تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے صدر وی سرینواس گوڑ کی امیدواری کا اعلان کردیا۔ گذشتہ چند دن سے اس سلسلہ میں کی جارہی پیش قیاسیاں آخر کار درست ثابت ہوئیں۔ سرینواس گوڑ نے گذشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ وہ محبوب نگر اسمبلی حلقہ سے ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کریں گے لیکن آج چندر شیکھر راؤ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ان کی امیدواری کی توثیق کردی اور سید ابراہیم کو قانون ساز کونسل میں نمائندگی دینے کا تیقن دیا۔ کے سی آر نے محبوب نگر اسمبلی حلقہ کے انچارج کی حیثیت سے سید ابراہیم کی جگہ سرینواس گوڑ کو نامزد کیا ہے۔ انہوں نے عوام اور سرکاری ملازمین سے اپیل کی کہ تلنگانہ جدوجہد میں اہم رول ادا کرنے والے سرینواس گوڑ کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ کے سی آر کے اس اعلان کے ساتھ ہی ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین میں مایوسی پھیل گئی ہے خاص طور پر محبوب نگر میں اقلیتوں نے اس فیصلہ پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔