عوام گمراہ نہیں ہونگے ۔ ٹی آر ایس جنرل سکریٹری کے کیشور راؤ کی صحافت سے ملاقات
حیدرآباد۔/22اپریل،( سیاست نیوز) ٹی آر ایس سکریٹری جنرل ڈاکٹر کیشوراؤ نے کانگریس کی جانب سے تلنگانہ دیئے جانے کے دعویٰ کو ایک مذاق قرار دیا۔ حیدرآباد میں صحافت سے ملاقات پروگرام میں کیشو راؤ نے کہا کہ کانگریس کا یہ کہنا کہ اس نے تلنگانہ تشکیل دیا ہے، کسی لطفیہ سے کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ ان بیانات سے تلنگانہ عوام گمراہ ہونے والے نہیں ہیں۔ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ تلنگانہ کی تشکیل کیلئے کس نے کس حد تک جدوجہد کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پارلیمنٹ میں ایک مرحلہ پر کانگریس نے تلنگانہ بل کی مخالفت کی تھی اور اسے جس انداز میں راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا اس پر بھی کئی شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ مسئلہ پر کانگریس نے کئی مرتبہ اپنا موقف تبدیل کیا۔ سونیا گاندھی و راہول گاندھی اپنے ان بیانات کو بھول گئے جو انہوں نے تلنگانہ کی مخالفت میں دیئے تھے۔ اب جبکہ انتخابات میں کانگریس کو عوامی تائید کے حصول کیلئے جدوجہد کا سامنا ہے لہذا وہ عوام میں یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ کانگریس کے سبب تلنگانہ ریاست وجود میں آئی۔ کیشو راؤ نے ٹی آر ایس کے کانگریس میں انضمام سے متعلق راہول کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ راہول اس طرح بیان دے رہے ہیں جیسے ٹی آر ایس کے انضمام کیلئے تلنگانہ ریاست تشکیل دی گئی ہو۔ انہوں نے کانگریس تلنگانہ قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس وزراء اور ارکان اسمبلی نے کبھی جئے تلنگانہ کا نعرہ نہیں لگایا، لیکن آج انتخابات میں کامیابی کیلئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔کیشو راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام میں ان 1200نوجوانوں کی قربانیوں کا اہم رول ہے جنہوں نے ریاست کی تشکیل میں تاخیر پر اپنی جانیں قربان کردیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں ایک بھی قائد ایسا نہیں جس نے شدت سے تلنگانہ کی تائید کی ہو۔کیشو راؤ نے کہاکہ مکمل تلنگانہ کا حصول ابھی باقی ہے اور ٹی آر ایس جدوجہد جاری رکھیگی۔انہوں نے کہا کہ اپنے 50سالہ سیاسی کیریئر میں انہوں نے چندر شیکھر راؤ جیسا جمہوری قائد نہیں دیکھا۔کیشو راؤ نے وضاحت کی کہ سیٹلرس کے بارے میں کے سی آر کے بیان کو میڈیا نے توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔ کے سی آر نے کبھی سیٹلرس کے خلاف بیان نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مقیم سیما آندھرا عوام کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔کے سی آر نے کہاتھا کہ ملکاجگیری حلقہ سے مقابلہ کرنے والے سیما آندھرا قائدین تلنگانہ عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاہم میڈیا نے اسے مخالف سیٹلرس بیان کے طور پر پیش کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس تلنگانہ کی تشکیل کیلئے واحد ذمہ دار نہیں ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ انتخابات میں ٹی آر ایس واضح اکثریت حاصل کرے گی۔